پی آئی اے کے ہڑتالی ملازمین کا ہڑتال ختم کر کے کام پر واپسی آنا ملک وقوم کیلئے خوش آئند ہے،پاکستان پیپلزپارٹی

بدھ 10 فروری 2016 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) حکومت کا مذاکرات کیلئے آمادہ ہونا اور پی آئی اے کے ہڑتالی ملازمین کو ہڑتال ختم کر کے کام پر واپسی آنا ملک وقوم کیلئے خوش آئند ہے۔ لیکن وفاقی ادارے کی نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال ختم کروانے کیلئے مذاکرات کمیٹی کی سربراہی پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کو سونپنا کسی ایک اور درپرد ہ سازش کی چغلی کھا رہا ہے کیونکہ شہباز شریف صرف ایک صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں۔

انہیں اس بات کا استحقاق کیسے حاصل ہوسکتا ہے کہ وہ ایک وفاقی ادارے کے معاملات میں مداخلت کریں، اگر کسی صوبے کے وزیراعلیٰ کو یہ استحقاق حاصل ہے تو پھر خیبر پختونخواہ، بلوچستان یا سندھ کے وزیراعلیٰ کو یہ منصب کیوں نہیں سونپا گیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار اراکین قومی اسمبلی سردار کمال خان چانگ،فقیر شیر محمد بلالانی اوراصغر علی شاہ نے پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا پی آئی اے کو بحال کرنے کیلئے ایک سال کا وقت مانگنا بھی حیرت انگیز انکشاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام صورتحال کو واضح کرے اور عوام کی منتخب کردہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پی آئی اے کے معاملات کو لائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ پی آئی اے ایک قومی ادارہ ہے جسے کسی بھی شے سے مشروط نہیں کیا جاسکتا ۔ اس قومی ادارے کو بحال کرنے اور چلانے کی ذمہ داری حکومت وقت کی ہے جیسے ہر حال میں نبھایا جائے اور پی آئی اے کی نجکاری کا عمل ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کا اعلان کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :