سول ہسپتال کراچی میں شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر فعال ہونے سے قبل ہی عہدوں کا بٹوارہ

ایم ایس نے منظور نذر ڈاکٹروں کو تعینات کردیا ،سینئر ڈاکٹروں میں بے چینی

بدھ 10 فروری 2016 19:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) سول ہسپتال کراچی میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر فعال کے ہونے سے قبل ہی عہدوں کا بٹوارہ ہوگیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال نے ٹراما سینٹر میں منظور نذر ڈاکٹروں کو تعینات کردیا جس سے سینئر ڈاکٹروں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔اس ضمن میں ذمہ دارذرائع نے بتایا کہ سول ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید قریشی نے ٹراما سینٹر کے مکمل طور پر فعال ہونے سے قبل ہی من پسند ڈاکٹروں کو سول ہسپتال سے ٹراما سینٹر میں اہم ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں ۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین کھرل جو سول ہسپتال میں او ٹی کمپلیکس کی انچارج تھیں ان کی تعیناتی ٹراما سینٹر میں کر دی گئی ہے اسی طرح ڈیڑھ سال کا طویل عرصہ بیرون ممالک گزارنے والے ڈاکٹر عامر رضا عابدی کو دوبارہ جوائننگ کرانے کے بعد انہیں بھی ٹراما سینٹر میں شفٹ کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عامر رضا کے بارے میں معلوم ہو اہے کہ وہ سول ہسپتال میں آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے انچارج تھے ،سابق وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے اپنے دور وزارت میں ڈاکٹر عامر کی بیرون ملک چھٹی منظور نہیں کی تھی لیکن اس کے باوجود وہ بیرون ملک چلے گئے تھے اورمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال نے موجودہ صوبائی وزیر صحت کے دوبارہ احکامات سے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں ڈاکٹر عامر رضا عابدی کو اہم ذمہ داری سونپ دی ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ سول ہسپتال کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اسٹور ڈاکٹر محمد احمد جو ایک سال قبل ریٹائرڈ ہوچکے ہیں انہیں بھی ٹراما سینٹر میں کنٹریکٹ پر دوبارہ رکھ لیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 28دسمبر 2015کو وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر کا افتتاح کیا تھا جہاں اب بھی تعمیراتی کام جار ی ہے۔ایگزیکٹو کمیٹی نیشنل اکنامک کونسل نے اس منصوبے کو 2008میں منظور کیا تھا جس کے بعد 2009میں اس منصوبے پر تعمیراتی کام کاآغاز ہوا تھا جسے2012میں مکمل ہونا تھا تاہم تیاری کی مدت کے3سال گزرجانے کے باوجود اب تک ٹراما سینٹر فعال نہیں ہوسکا ہے۔

متعلقہ عنوان :