Live Updates

اداروں میں سفارشی کلچر ختم کردیا ،پی آئی اے میں ہڑتال ختم کرنا کسی کی ہار جیت نہیں ، پرویز رشید

اصولوں کی کامیابی ہے کوئی بھی اداروں میں اصلاحات کرے رکاوٹ نہیں بنیں گے ،تحریک انصاف اسلام آباد میں میئر کے الیکشن رکوانا چاہتی ہے،میڈیا سے گفتگو

بدھ 10 فروری 2016 19:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ اداروں میں سفارشی کلچر ختم کردیا پی آئی اے میں ہڑتال ختم کرنا کسی کی ہار جیت نہیں اصولوں کی کامیابی ہے کوئی بھی اداروں میں اصلاحات کرے رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ تحریک انصاف اسلام آباد میں میئر کے الیکشن رکوانا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار بدھ کے بروز اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کے زیر تربیت افسران سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ جن لوگوں کو بچپن سے ریڈیو پر سنتا تھا وہ میرے پسندیدہ لوگ ہیں ان کے منہ سے کسی کیلئے سفارش کے الفاظ اور ان کو رد کرنا اچھا نہیں لگتا سفارش پر بھرتیوں کا کلچر ختم ہوگیا ہے میرے ماتحت اداروں میں سفارشی بھرتی ہوئی تو ذمہ دار میں ہوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کی جانب سے ہڑتال ختم کرکے فلائٹ آپریشن بحال کرنا قابل تحسین عمل ہے اس پر تمام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ملازمین کی جانب سے ہڑتال ختم کرنا کسی کی جیت یا ہار نہیں ہے بلکہ اصولوں کی کامیابی ہے۔ پی آئی اے ملازمین کو نوکریوں سے نہیں نکالنا چاہتے ہیں جلد ہی 80 جہاز فلیٹ میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے حکومت صوبے کے ہسپتالوں میں اصلاحات لانا چاہتی ہے تو ہم اداروں کی اصلاحات میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔

عمران خان نے کراچی جاکر پی آئی اے کے ہڑتالی ملازمین کو حکومت کے خلاف اکسایا ہم بھی کے پی کے میں جاکر ڈاکٹروں کی ہڑتال میں شامل ہوکر ڈاکٹروں کو اکسا سکتے تھے اور میڈیا ہمیں بھی کوریج دے سکت تھا مگر ہم نے کوئی منفی اقدام نہیں کیے بلکہ مثبت اقدامات کی حمایت کی۔ پی ٹی آئی اداروں کو سیاسی کنٹرول میں رکھنا چاہتی ہے۔ پرویز رشید نے پی ٹی آئی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد میں میئر کے الیکشن رکوانا چاہتی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات