Live Updates

بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے بعد ورکشاپوں اور ہوٹلوں پر بھرپور کریک ڈاؤن ہوگا

بھٹہ خشت سے بازیاب 28600بچوں کو سکولوں میں داخل کروایا جاچکا ہے،راجہ اشفاق سرور

بدھ 10 فروری 2016 18:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں 14سال سے کم عمر بچوں سے مشقت کی ممانعت کے قوانین پر بھرپورانداز میں عملدرآمد کر رہی ہے۔ بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے بعد ورکشاپس ، ہوٹلوں و دیگر مقامات پر اس سلسلے میں بھرپورکریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

بھٹہ خشت پر بچوں سے مشقت کی ممانعت کے آرڈیننس 2016کے تحت صوبہ بھر میں اب تک 4ہزار سے زائد بھٹہ خشت کی چیکنگ کے دوران خلاف ورزی پر 600سے زائد مقدمات درج کرکے چائلڈ لیبر میں ملوث 650سے زائد بھٹہ مالکان، منیجرز اور دیگر متعلقہ افراد کو گرفتار اور 200سے زائد بھٹوں کو سیل کیا جاچکا ہے جبکہ بھٹہ خشت سے بازیاب 28,600بچوں کو سکولوں میں داخل کروایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چائلڈ لیبر کے حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہباز شریف بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور خود بھی بھٹہ خشت پر آرڈیننس پر عملدرآمد کے کام کی نگرانی کیلئے دورے کر رہے ہیں۔ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ بھٹہ مالکان چائلڈ لیبر کی لعنت کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشوں میں تعاون کریں اور بھٹہ مزدوروں کے آؤٹ آف سکول بچوں کو قریبی سکولوں میں داخل کروانے کیلئے حکومتی اقدامات میں مدد فراہم کریں۔

انہوں نے کہاکہ چائلڈ لیبر آرڈیننس کے حوالے سے بھٹہ مالکان کے تحفظات دور کرنے کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری لیبر، ڈی جی لیبر، صدر و جنرل سیکرٹری بھٹہ خشت ایسوسی ایشن پر مشتمل 4رکنی کمیٹی کی طرف سے تیار کی جانے والی تجاویز حتمی منظوری کیلئے جلد ہی حکومت پنجاب کو پیش کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بھٹہ خشت انڈسٹری کی فلاح و بہبود اور فروغ کیلئے بھٹہ مالکان کے ساتھ ہے تاہم انہیں بھٹہ خشت سے بچوں کی مشقت مکمل طور پر ختم کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدور بھی اپنے بچوں کو سکولوں میں تعلیم دلوا کر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے مفت تعلیمی پیکیج سے استفادہ کریں کیونکہ ان بچوں کو حکومت پنجاب کی طرف سے 1 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ، مفت کتابیں، سٹیشنری، جوتے، یونیفارم فراہم کئے جائیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :