نعیمین ایسوسی ایشن کا14فروری کو ’’یوم حیاء ‘‘کے طور پر منانے کااعلان

بے حیائی اوراخلاقی جرائم سے خود بچنا ا وردوسرے کو بچانا اسلامی تعلیمات کابنیادی تقاضاہے‘پروفیسر لیاقت علی صدیقی

بدھ 10 فروری 2016 18:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء )نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے زیر اہتمام 14فروری کو’’ یوم حیاء ‘‘کے طور پر منایا جائے گا،فحاشی ،عریانی ،بے حیائی اوراخلاقی جرائم سے خود بچنا ا وردوسرے کو بچانا اسلامی تعلیمات کابنیادی تقاضاہے،حیاء مومن کی پہچان ہے،اخلاقی جرائم کے آگے بند باندھنے کیلئے علماء کرام اپناکردار اداکریں۔

ان خیالات کااظہارمرکزی صدر نعیمین ا یسوسی ا یشن پاکستان علامہ پروفیسر لیاقت علی صدیقی نے نعیمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ انسانیت سوزاخلاقی جرائم مسلم معاشروں کے لئے زہرقاتل ہیں۔دین حنیف بدکاری اوربے حیائی سے بچنے کادرس دیتاہے۔یوم محبت کے نام پر مسلم معاشرے میں بے راہ روی کوفروغ دیا جانا افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری پیر سید شہباز احمدسیفی نے کہاکہ اسلام ہی عورتوں کا حقیقی محافظ ہے۔مسلم خواتین حضرت سیدہ فاطمۃالزھرا کی سیرت کواپناآئیڈیل بنائیں۔دختران اسلام حجاب اورپردہ کواختیار کریں اورفحاشی وعریانی سے اپنا دامن پاک رکھیں۔مسلم خواتین مغرب کی نقالی کی بجائے اسلام کے فلسفہ حیاء کو اپنی زندگی پر نافذ کریں۔