یورپی یونین کے وفد کی یونین کے سفیر کی قیادت میں اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات

جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے اندر حقیقی جمہوریت قائم ہے،جماعت کے ہر سطح کے مناصب کیلئے انتخابات ہوتے ہیں‘سینیٹر سراج الحق

بدھ 10 فروری 2016 18:09

اسلام آباد /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) یورپی یونین کے وفد نے یونین کے سفیرمسٹر مچل گیہلرکی قیادت میں اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی ۔یورپی یونین کا وفد انتخابی اصلاحات اور الیکشن قوانین میں مجوزہ ترامیم کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان کے دورے پر ہے ۔وفد سے ملاقات کے موقع پر سینیٹر سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں حاصل کیا گیا ہے اور پاکستان کے عوام جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں ،پاکستانی معاشرے نے ہمیشہ آمریت کو مسترد کیا ہے مگر حقیقی معنوں میں شفاف اور دھونس ،دھاندلی اور سرمائے سے پاک انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے غریب عوام میں احساس محرومی جنم لیتا ہے ،اختیارات اور وسائل سے محروم عوام عسکریت پسندی اور غیر قانونی راستوں کی طرف مائل ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جاگیر داروں اور سرمایہ کاروں کا ایک مخصوص ٹولہ انتخابی نظام پر مسلط ہے اور ملکی نظام میں غریب عوام کی شرکت کے راستے میں حائل ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ دار سرمائے کے زور پر غریب عوام کی رائے پر اثر انداز ہوتے ہیں اور دھونس اور دھاندلی کے ذریعے انتخابی نتائج تبدیل کئے جاتے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے اندر حقیقی جمہوریت قائم ہے،جماعت کے ہر سطح کے مناصب کے لئے انتخابات ہوتے ہیں ،جماعت اسلامی انتخابات میں خواتین کی مکمل شرکت کو یقینی بنانا چاہتی ہے ۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ 2018کے انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کو یقینی بنایا جائے ،انتخابات میں بائیومیٹرک نظام نافذ کیا جائے اور الیکشن کمیشن کو بروقت سزادینے کے اختیارات اور وسائل فراہم کئے جائیں ۔سینٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلام اجتماعی نظام کی روح مشاورت کو قرار دیتا ہے ،قرآن امیر کی تقرری میں مشاورت کا حکم دیتا ہے ،جماعت اسلامی اسی نظام کے غلبہ کیلئے کوشاں ہے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ ماہ ملک میں مالی اور انتخابی کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرے گی ،اس تحریک کا مقصد ملک کے وسائل اور اختیارات پر قابض کرپٹ اور بدیانت لوگوں کی جگہ دیانت دار لوگوں کو لانا ہے اور وسائل اور اختیارات غریب عوام کو لوٹانا ہے ۔

یورپی یونین کے وفد کے سربراہ نے جماعت اسلامی کے اصولی موقف کو سراہا اور جماعت اسلامی کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی جیسی دینی و سیاسی جماعت جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے حوصلہ افزاء کام کررہی ہے ۔انہوں نے جماعت کے داخلی جمہوری نظام کی بھی تعریف کی ۔ملاقات میں سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد ؒ کے بیٹے آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے ۔