میرٹ پر ملازمت سب پاکستانیوں کا برابر کا حق ہے، میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

ریڈیو پاکستان میں نئے آنیوالے افراد اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لاکرادارہ کی کارکردگی مزید بہتر بنائیں گے،پرویزرشید کاخطاب

بدھ 10 فروری 2016 18:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک میں میرٹ کی بنیاد پر بھرتیوں کا ریڈیو پاکستان سے آغاز کر دیا گیا ہے اور اس کلچر کو ہم فروغ دیں گے۔ پاکستان براڈکاسٹنگ اکیڈمی میں بدھ کو زیرتربیت سب ایڈیٹر ز ، پروڈیوسرز اور سینئر براڈکاسٹ انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے ایک غیر جانبدارانہ ادارے کی ذریعے پیشہ وارانہ سٹاف کی بھرتی کر کے اعلیٰ مثال قائم کی۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ اداروں میں میرٹ پر بھرتی کی راہ میں سیاسی اثرورسوخ ، ذاتی تعلقات ، دوستی اور رشوت رکاوٹ ہیں۔ لیکن ہم نے ریڈیو پاکستان میں حالیہ بھرتی کیلئے یہ تمام دروازے بند کردیئے۔ شفاف بھرتی کے عمل کی تکمیل پر ہمار ے وزراء ، ممبران قومی اسمبلی اور سینٹ نے مبارک باد دی اور اس عمل کو سراہا۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ روزگار کے مواقع پر سیاسی ، علاقائی، مذہبی اور دیگر وابستگیوں کے بغیر تمام پاکستانیوں کا حق ہے۔

انہوں نے اس اعتما د کا اظہار کیا کہ ریڈیو پاکستان میں نئے آنے والے افراد اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لاتے ہوئے ادارہ کی کارکردگی مزید بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل اور ریڈیو پاکستان انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا کہ انہوں نے بھرتیوں کیلئے شفاف طریقہ کار وضع کیا۔اپنے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل سید محمد عمران گردیزی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان میں شفاف بھرتیوں سے اسکی پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

ہم نے نئے پیشہ وارانہ سٹاف کی اعلی ٰ تربیت کیلئے چھ ماہ کا تربیتی پروگرام بنایا۔ اس مقصد کیلئے بہترین براڈکاسٹرز اور دوسرے متعلقہ شعبوں کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ادارے میں میرٹ پر بھرتی وزیراطلاعات کی رہنمائی اور سرپرستی کے بغیرممکن نہ تھی۔ ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ ریڈیو پاکستان کا نیاچہرہ ہے۔

انہوں نے زیرتربیت آفیسرز سے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر کرنا چاہیے کہ وہ اب ملک کے سب سے بڑے براڈکاسٹنگ کے ادارے سے منسلک ہیں۔اکیڈمی کے پرنسپل خالد وقار نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان کی اکیڈمی جنوبی ایشاء کی بہترین اکیڈمی ہے۔ براڈکاسٹنگ کے دوسرے ادارے بھی اپنے پیشہ وارانہ سٹاف کی تربیت کیلئے ہماری خدمات حاصل کر رہے ہیں۔اس موقع پر نئے پروڈیوسرز اور سب ایڈیٹرز نے بھی اپنے تاثرات بیان کئے۔

متعلقہ عنوان :