امن کے قیام اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی،سکندرشیرپاؤ

بدھ 10 فروری 2016 18:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤنے موجودہ سنگین حالات پر قابو پانے کیلئے پختونوں کے اتفاق و اتحادپر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے عمرزئی ضلع چارسدہ میں حیات محمد خان شیرپاؤ شہید کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سکندر شیرپاؤ نے شہید قائد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جس عظیم مقصد کیلئے قربانی دی تھی ان کے نقش قدم پر چل کر ان کے مشن کو پورا کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ شہید لیڈر نے پختونوں اورمحروم طبقات کے حقوق کے حصول کیلئے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی اور اس کاز کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیاانھوں نے کہا کہ شہید حیات محمد خان شیرپاؤ کے سیاسی افکار کو اپنا کر محروم اورپسے ہوئے طبقات اور صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ناسور نے ملک اور باالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا کو معاشی اور سماجی لحاظ سے شدید متاثر کیا اورمعاشرے کے ہر طبقے کافرد اس کی زد میں ہے ۔انھوں نے کہا کہ جاری حالات میں پختون قوم کو ایک طرف دہشت گردی کی صورت میں ایک بڑے مسئلے کا سامنا ہے تو دوسری طرف وفاقی حکومت کی عدم توجہی کی بدولت مایوسی کا شکار ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ سنگین حالات سے چھٹکارہ پانے اور پختونوں کی مایوسی کے خاتمے کیلئے ہمیں متحدہ کوششیں کرنا ہوگی اور امن کے قیام اور عوامی مسائل و مشکلات کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس موقع پر معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی،ممبر صوبائی اسمبلی سلطان محمدخان،پارٹی رہنماء ظفر علی خان،فقیر حسین لالا،محمد جان گیگیانی،یحےٰی جان مہمنداورحامد خان ترنگزئی کے علاوہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :