کہوٹہ شہر کی لاکھوں کی آبادی کروڑوں روپے کا ٹیکس دینے کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم

شہر کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر نے لگیں،لاری اڈہ میں بیٹھے کا کوئی بندوبست نہیں ، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا

بدھ 10 فروری 2016 17:40

کہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء )کہوٹہ شہر کی لاکھوں کی آبادی کروڑوں روپے کا ٹیکس دینے کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔ شہر کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ لاری اڈہ جو بھٹو کے دور میں بنا تھا اس کو آج تک کسی نے مرمت نہیں کیا ۔لاری اڈہ میں نہ بیت الخلاء ہے نہ ہی مسافروں کے بیٹھے کی جگہ ہے پانی کا بھی کوئی بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے سارا ایریا کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔

لاری اڈہ کے سامنے ناقص میٹریل کے استعمال کی وجہ سے نالہ گر گیا ہے اور اس کی وجہ سے پورے شہر کا گندہ پانی سڑکوں پر آنے سے شدید موزی امراض کے پھیلنے کا خطرہ لاحق ہے جبکہ تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

محلہ آڑہ، فاروق کالونی،ادوالہ اور دیگر 80فیصد علاقوں میں نہ سٹریٹ لائٹس ہیں اور نہ صاف پانی۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ڈینگی کا خاتمہ کرنے والے خود کی ڈینگی پیدا کر رہے ہیں ۔

ٹی ایم اے کی نااہلی اور کئی سالوں سے تعینات ملازمین کی وجہ سے ادارہ کرپشن کا گڑ بن گیا ہے۔ تمام کام فرضی ہورہے ہیں جبکہ عملی طور پر عوام علاقہ کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا ۔20کروڑ کا واٹر سپلائی منصوبہ بھی کرپشن کی نذر ہوگیا محکمہ ہیلتھ اور ٹھیکیداروں کروڑوں روپے ڈکار کر گئے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ،ڈی سی او راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ خداراہ اس شہر کے مسائل حل کیے جائیں۔