بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں‘ملک رفیق رجوانہ

حکومت کو بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا ادراک ہے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں‘گورنر پنجاب

بدھ 10 فروری 2016 17:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کا وقار اور اعزاز ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ خطیر زرمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں،غیر ملکی پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اِن کے مسائل ہمارے مسائل ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے صدر مسلم لیگ (ن)سپین راجہ اسد حسین اور صدر یوتھ ونگ مسلم لیگ (ن)سپین شہزادہ عثمان طاہرسے گفتگو کے دوران کیا ۔جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی دُنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں اتحاد اور اتفاق کے رشتے میں بندھے رہیں یہ ان کی اور ملک کی فتح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم پُرامن ، صلح پسند اور محبت کرنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دُنیا میں کہیں بھی دہشت گردی ہوتی ہے پاکستان اور اس کی عوام چاہے وہ ملک میں ہوں یا بیرون ملک اس کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے تارکین وطن لفظ سے اختلاف ہے کیونکہ آپ میں وطن سے محبت اس کی سلامتی اور استحکام کا جذبہ زیادہ پر جوش طریقے سے کارفرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ ملک کا قیمتی سرمایہ اور اثاثہ ہیں جو دُنیا میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کے ذریعے نہ صرف ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں بلکہ ملک میں اربوں روپے کا زرمبادلہ بھی بھیج رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہر سال تقریبا 15ارب ڈالر سے زیادہ زرمبادلہ ملک میں بھیجتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کے حل کے لئے اوورسیز پاکستانی کمیشن بھی تشکیل دے دیا گیا ہے جو ان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا ادراک ہے اور اس کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ وطن عزیز پر جب بھی کبھی مشکل گھڑی آئی ہے انہوں نے دل کھول کر مدد کی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے موثر منصوبہ بندی کررہی ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان اور سپین میں عوامی خدمت کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستان سے باہر ملک کے سفیر ہیں اور انہیں ہر وہ کام کرنا چاہئے جس میں ملک اور قوم کے امیج میں بہتری آئے۔