آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیگا، ممنون حسین

فاٹا میں عوامی مسائل کے حل کیلئے تعمیری اصلاحات ضروری ہیں ،حکومت فاٹا کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے ،قبائلی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے منصوبوں پر کا م کررہی ہے، صدر مملکت کی گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد سے گفتگو

بدھ 10 فروری 2016 17:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیگا۔ یہ بات صدر مملکت نے گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے زور دیا کہ فاٹا میں عوامی مسائل کے حل کے لیے تعمیری اصلاحات کی ضرورت ہے اور موجودہ حکومت اس بات کومد نظر رکھتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فاٹا کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے کے لیے اور قبائلی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے منصوبوں پر کا م کررہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی باعزت بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں دہشت گردی سے متاثرہ قبائلی علاقوں میں زندگی رواں دواں کرنے کے لیے تعمیراتی کام جاری ہیں۔صدر مملکت نے سردار مہتاب احمدخان عباسی کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔