امریکہ کی معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر ورجینا ورٹیز کا منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا دورہ

جی ایم ملک نے ڈاکٹر ورجینا کو ڈاکٹر طاہر القادری کا دہشتگردی کے خلاف لکھے گئے فتویٰ کا تحفہ دیا

بدھ 10 فروری 2016 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء ) )امریکہ(واشنگٹن) کی معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر ورجینا ورٹیز نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک ،منہاج القرآن آسٹریلیا کے امیر رمضان قادری اور ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز ڈاکٹر سہیل احمد رضا سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ورجینا ورٹیز نے سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی وزٹ کیا،اس موقع پر منہاج القرآن کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ورجینا ورٹیز نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی تحقیقی اور فلاحی خدمات قابل تحسین اور تاریخی اہمیت کی حامل ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری نے جو فتویٰ دیا ہے وہ وقت کی ضرورت تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے تعلیم کے فروغ خصوصاً بچوں کی تعلیم کیلئے جو ادارے قائم کیے ہیں وہ بہت اہم ہیں،انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی بین المذاہب اور عالمی امن کیلئے کاوشوں کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل پوری دنیا میں اسلام کی پرامن تعلیمات کو عام کررہی ہے، جی ایم ملک نے ڈاکٹر ورجینا ورٹیز کو ڈاکٹر طاہر القادری کا دہشتگردی کے خلاف لکھے گئے فتویٰ کا تحفہ دیا اور انہیں پانچ براعظموں پر پھیلے تحریک منہاج القرآن کے وسیع اور منظم نیٹ ورک کی تفصیلات بتائیں۔