محنت کش طبقوں کی مشاورت سے لیبر پالیسی بنانے پر تیزی سے کام جاری ہے ،وزیر محنت خیبرپختونخوا

بدھ 10 فروری 2016 16:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) خیبرپختونخوا کی وزیر برائے محنت ومعدنی ترقی آنیسہ زیب طاہر خیلی نے یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دینے کے فیصلے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز ملکر یورپی یونین کے اس اقدام سے بھرپور فائدہ اٹھا کرملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے کیونکہ آج پوری دنیا ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے اورعالمی سطح پر ہرملک کا کسی نہ کسی طرح دیگر ممالک پر انحصارہوتاہے اس لئے ہمیں بھی عالمی منڈیوں میں اپنے برآمدات کے لئے نمایاں مقام پیدا کرنا چاہیئے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روزپشاورمیں جی ایس پی پلس سکیم اورپاکستان میں معیارات محنت پرعمل درآمد کے چلینجز کے حوالے سے پاکستان ورکرز کنفیڈریشن رپورٹ کے بار ے میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے سیکرٹری محنت عالمگیرشاہ، پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے مرکزی صدر ایم ظہوراعوان ،سنٹرل آرگنائزرچوہدری محمد یعقوب اوردیگرنے بھی خطاب کرتے ہوئے پاکستان کو جی ایس پی پلس کادرجہ دینے کے فیصلے کو ملکی معیشت کے لئے خوش آئند قراردیا اور کہا کہ صنعتی ترقی میں محنت کشوں کاایک نہایت اہم کردار ہوتاہے اس لئے صنعتکاری کے شعبے میں افرادی قوت کے مسائل کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بہتر اور موثرپالیسی وضع کی جائے جبکہ غیر رجسٹرڈ کارخانوں کی رجسٹریشن کی جائے ۔

مقررین نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے 27 بین الاقوامی کنونشنزپربھرپورعمل درآمد کیاجائے تاکہ جی ایس پی پلس سے ہونے والے فوائد آئندہ کے لئے بھی جاری رہیں اور درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے ۔تقریب سے مہمان خصوصی آنیسہ زیب طاہرخیلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت نے اٹھارویں ترمیم کے بعد محنت کشوں کے لئے بنائے گئے قوانین میں اہم کردار اداکیاہے کیونکہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت کااہم ستون ہے اوران کے خون پسینے کی بدولت نہ صرف ہماری صنعتیں فروغ پارہی ہے بلکہ ہمارے برآمدات کے اضافے میں ان افراد کی کاوٴشیں کارفرما ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کادرجہ دینے سے ہمیں اپنا حق ملاہے کیونکہ یورپی یونین کے نمائندوں نے خود آکر پاکستان کے مختلف صنعتوں کا دورہ کرکے خود مشاہدہ کیاہے اورزمینی حقائق کومدنظررکھ کریہ درجہ دیا ہے جس سے اب بھرپورفائدہ اٹھانا چاہیے جبکہ عالمی منڈیوں تک رسائی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانا وقت کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت عوام کے حقوق کو انہیں دلانے کے لئے ہرطرح سے پرعزم ہے اور انتظامی امور میں مثبت تبدیلی کے ایجنڈے کے ویژن کوپایہ تکمیل تک پہنچایاجائے گا۔

صوبائی وزیرنے مزید کہا کہ ہمارا صوبہ گذشتہ چاردہائیوں سے مشکل حالات سے گزررہا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کاشکرہے کہ اب حالات بتدریج بہتری کی طرف جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں محنت کشوں کے لئے لیبر پالیسی بنانے پر تیزی سے کام جاری ہے جس کوتشکیل دینے میں محنت کش طبقے کے نمائندوں کی مشاورت بھی شامل کی جائے گی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محنت کش طبقے کوطبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھانے کے علاوہ دو نئے لیبرکورٹس کاقیام بھی جلد عمل میں لایا جارہاہے۔

متعلقہ عنوان :