بعض وفاقی و صوبائی وزراء شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری کر کے اپنی نوکری پکی رکھنا چاہتے ہیں‘ جمشید چیمہ

بدھ 10 فروری 2016 14:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 فروری۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ بعض وفاقی و صوبائی وزراء شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری کر کے اپنی نوکری پکی رکھنا چاہتے ہیں، وزیر قانون کاعہدہ سنجید ہ شخصیت کی تعیناتی کا تقاضہ کرتا ہے لیکن پنجاب میں اسکے برعکس اقدام کیا گیا ہے ،حکومت کی طر ف سے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف جدوجہد میں آنے والے دنوں میں مزید تیز ی لائے جائے گی ۔

اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکمران جتنی مرضی میٹرو ٹرینیں اور بسیں چلا لیں عوام آئندہ عام انتخابات میں ان کا احتساب کرنے کے لئے اپنی ذہن سازی کر چکے ہیں ۔ موجودہ حکومت کے دور میں ایک دن ایسا نہیں گزرا ہوگا جس میں عوام کو سکھ اور چین نصیب ہوا ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت کا نظام قائم ہے ،قومی اداروں کو ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے جامع پالیسی کی بجائے ایڈہاک ازم کے نظام کو فروغ دیاجارہا ہے جس کے انتہائی منفی نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تجربہ کار حکمرانوں کے سارے تجربے ناکام ہو چکے ہیں بلکہ ان کے تجربے ملک و قوم پر بھاری پڑ رہے ہیں ،نندی پوری سمیت دیگر ناکام منصوبے اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان کے منصب کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ کسی سیاسی جماعت کے سربراہ سے متعلق جھوٹی بات منسوب کریں اور ہم رانا ثنا اللہ خان کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے حکومت کی عوام کش پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عوام کو بھی جابر حکمرانوں سے اپنے حقوق چھیننے کے لئے سڑکوں پر آنا ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :