پاکستانی ہائی کمشنر کی نئی دہلی میں سید علی گیلانی کیعیادت

پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی ہر ممکن سطح پر مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی

بدھ 10 فروری 2016 12:49

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) بھارت مں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہیکہ پاکستان تحریک آزادی کی جدوجہد میں کشمیریوں کی ہر ممکن سیاسی اور سفارتی سطح پر مدد جاری رکھے گا ۔ نئی دہلی میں زیر علاج کل جماعتی حریت کانفرنس ”گ“ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی کی پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے عیادت کی انہوں نے سید علی گیلانی کو یقین دلایا کہ پاکستان کشمیر کی جدوجہد میں ان کی ہر ممکن سیاسیا ور سفارتی سطح پر مدد جاری رکھے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ایشیاء میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل انتہائی اہم ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کو اس مسئلے کے حل کے لئے ناگزیر سمجھتا ہے دریں اثناء حریت ترجمان ایاز اکبر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین حریت سید علی گیلانی کا نئی دہلی میں علاج و معالجہ چل رہا ہے اور ان کے صحًت کی حالت مستحکم ہے گڑ گاؤں ( ہریانہ ) میں قائم ہسپتال میداننا میں مشہور ماہر امراض سینہ ڈاکٹر وکرم سارابائی نے گیلانی کا تفصیلی معائنہ کیا اور کچھ اضافی ادویات بھی تجویز کیں پی ایف ٹی اور دوسرے ٹیسٹ بھی کرائے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن تواتر کے ساتھ گیلانی کی صحت سے متعلق استفسار کرتا رہتا ہے اور ڈپٹی ہائی کمشنر عبیدالرحمان نظامانی نے خود بھی گیلانی کو ٹیلی فون کیا اور ان کی صحت کے بارے میں حال و احوال پوچھا ۔