سپریم کورٹ ، سی ڈی اے کو شہری علاقوں سے کمرشل سرگرمیاں اور رکاوٹیں ہٹانے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت

بدھ 10 فروری 2016 12:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے شہری علاقوں سے کمرشل سرگرمیاں اور رکاوٹیں ہٹانے کیلئے سی ڈی اے کو دو ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے ان سے اب تک کی گئی کارروائیوں کی تازہ ترین رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے جبکہ آئی جی اسلام آباد اور آئی جی موٹر وے پولیس کی جانب سے گھر خالی نہ کرنے پر ان کو ذاتی طورپر طلب کرتے ہوئے ان سے تحریری وضاحت بھی طلب کی ہے جبکہ سی ڈی اے نے جسٹس اقبال حمید الرحمان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں موجود نجی سکولوں کے حوالے سے کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں چل رہا ہے اس کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر کردی ہے اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں موجود غیر ملکی سفارتخانوں میں سے بعض نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رکاوٹیں اور دیگر چیزیں ختم کردینگے اس کے لئے انہیں وقت دیا جائے گیسٹ ہاؤسز اور دیگر کے حوالے سے بھی کارروائی کی گئی ہے سی ڈی اے کے وکیل شاہد حامد نے بدھ کے روز عدالت کو بتایا کہ آئی جی موٹر وے پولیس اور آئی جی اسلام آباد ابھی تک گھر خالی کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں اور یہ کیونکہ انتظامی لوگ ہیں تو عدالت خود ان سے یہ گھر خالی کرائے سی ڈی اے جس حد تک کارروائی کرسکتا تھا اس نے کی ہے ان کو نوٹس بھی جاری کئے ہیں تاہم یہ بدستور بضد ہیں اور گھروں میں اپنے دفاتر ختم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں اس پر عدالت نے دونوں آئی جیز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کو ذاتی طورپر پیش ہونے کا حکم دیا ہے اور ساتھ یہ ہدایت بھی کی ہے کہ تحریری طور پر اس بات کی وضاحت بھی پیش کریں کہ وہ اپنے دفاتر کیوں ختم نہیں کررہے اس دوران درخواست گزار علی رضا عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ نے بیان دیا تھا کہ اسلام آباد کے موجود سکولوں کو بند نہیں ہونے دیاجائے گا کیونکہ اس سے لوگوں کو مشکلات درپیش ہونگی سی ڈی اے ابھی بھی بہت ساری کمرشل سرگرمیوں کیخلاف بھرپور کارروائی نہیں کرسکا ہے اس پر عدالت نے ان سے پوچھا کہ کیا وزیر داخلہ نے یہ کوئی تحریری طورپر ہدایات جاری کی تھیں اس پر درخواست گزار نے کہا کہ یہ میڈیا میں آیا تھا دوران سماعت سی ڈی ا ے کے وکیل شاہد حامد نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں مزید کارروائی کیلئے مہلت دی جائے اس پر عدالت نے سی ڈی اے کو دو ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اب تک جتنا آپریشن کیا گیا ہے اور جن اداروں کیخلاف جو بھی کارروائی ہوئی ہے یا عدالت عالیہ میں اگر کوئی مقدمات زیر سماعت ہیں تو ان کے حوالے سے ایک سروے بنا کر تازہ ترین رپورٹ بنا کر عدالت میں پیش کی جائے بعد ازاں عدالت نے سماعت پندرہ روز کیلئے ملتوی کردی

متعلقہ عنوان :