کراچی ،قومی و صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں کیلئے ضمنی الیکشن ،شیڈول جلد جاری ہوگا

بدھ 10 فروری 2016 11:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) کراچی میں ایک بار پھر انتخابات کا موسم پلٹ کر آنے والا ہے،قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں سمیت استعفے کے بعد خالی ہونے والی بلدیاتی نشست پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جلد جاری ہوگا۔نارتھ کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 پر متحدہ قومی موومنٹ کے ریحان ہاشمی اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجواچکے ہیں۔

وہ اب ضلع وسطی کے ڈسٹرکٹ چئیرمین ہونگے۔

(جاری ہے)

پی ایس 115سے ایم کیوایم کے ارشد وہرہ ڈپٹی مئیر نامزد ہونے کے بعد صوبائی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔ایم کیوایم کے ایک اور رکن سندھ اسمبلی شیراز وحید کے کورنگی کی یوسی 35 سے بلدیاتی انتخاب لڑا لیکن اسمبلی کی رکنیت برقرار رکھتے ہوئے وائس چیئرمین کی نشست سے استعفیٰ دے دیا۔الیکشن کمیشن قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں خالی ہونے کے بعد 60 روز کے اندر الیکشن کرانے کا پابند ہے۔اس طرح اب کراچی میں قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی نشست ،تینوں انتخابات کی تیاریاں جلد موضوع بحث ہونگی۔