انسان صرف اپنے اعمال کے ساتھ دنیا سے رخصت ہوتا ہے،چوہدری محمد یسیٰن

منگل 9 فروری 2016 22:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے مرکزی یونین آفس جی سیون سیدپور مارکیٹ آفس میں عمرہ ادائیگی پر جانے والے مزدور یونین کے وفد میں شامل قاری عبید الرحمان ستی ،محمد سرفراز ملک ،احمد علی شیرازی ،شفیق عباسی ،محمد نعیم ،ملک اکمل شہزاد ،محمد نازک مغل ،مہر افتخار سیال ،محبوب رامے و دیگر کو عمرہ دستاویزات دینے کی تقریب منعقد ہوئی ،تقریب میں مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن ،صدر اورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،اہل سنت و الجماعت کے صدر مولانا عبدالغنی نقشبندی ،قاری نعیم اور مزدور یونین کے دیگر عہدیداران نے شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد یسیٰن نے کہا کہ جہاں مزدور یونین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے اپنے دور اقتدار میں مسلم ملازمین کے لیے حج پر بھیجوانے کا بندوبست کیا بلکہ مسیحی ملازمین کو بھی ان کے مقدس مقامات پر بھیجوانے کے لیے انتظام کیا اور سی ڈی اے میں حافظ قرآن الاؤنس اور پادری الاؤنس کا اجراء کروایا وہیں پر ہم نے اپنے مخیر دوستوں کے تعاون سے اپنی تنظیم کے ان لوگوں کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے کا موقع دیا جو تنظیم کے لیے اپنی صلاحتیں بروئے کار لاتے ہیں اور محنت کشوں کے مسائل حل کرنے میں مزدور یونین کا ہاتھ بٹھانے میں اپنابھرپور کردار ادا کرتے ہیں اور ہم آئندہ بھی اپنے مخیر دوستوں کے تعاون سے اپنے دیگر دوستوں کو بھی عمرے کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتے رہیں گے ،ہرانسان اپنی دنیاوی زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے دن رات انتھک محنت و کوشش میں لگا رہتا ہے لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ جب انسان اس دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو وہ صرف اپنے ساتھ اپنے اعمال لے کر جاتا ہے اور جس کے اعمال اچھے ہونگے رب تعالیٰ کی ذات اسکو اسکا بہتر صلہ دے گی تو ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ دنیاوی معاملات میں ہم جس قدر بھی اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں وہاں اپنی آخرت کو مدنظرر کھتے ہوئے اپنے اعمالوں کا بھی حساب کتاب رکھیں ،میں اپنے ان مخیر دوستوں کا بھی شکر گزار ہوں جن کے بھرپور تعاون سے میں اپنے اس نیک ارادے میں نہ صرف کامیاب ہوا بلکہ آئندہ بھی نیکی کے کام کرنے کے لیے میرے حوصلے بلند ہوئے ،میں نے ہمیشہ محنت کشوں کی سیاست کو عبادت سمجھ کر اس کو بہتر طریقے سے سرانجام دینے کی کوشش کی اور میری زندگی کا یہی مقصد ہے کہ جہاں تک ہو سکے انسانیت کی خدمت کی جائے ،میں روضہ رسول ؐ پر جانے والے دوستوں کو مبارکباد بھی پیش کرتا ہوں کہ ہم تو صرف انکے لیے وسیلہ بنے جبکہ انکا بلاوا وہاں سے خود آیا ،اب آپ لوگوں کو چاہیے کہ اس مقدس مقام پر جا کر جہاں اپنے اعمالوں کی بہتری کے لیے دعا کریں وہاں اس ملک کی سلامتی و ترقی اور اپنے ادارے کے استحکام کے لیے بھی دعا کریں ۔

متعلقہ عنوان :