میرے لئے باعث فخرہے کہ میں آج اس ادارے میں آیا ہوں جس کا جمہوریت اور صحافت کی آزادی میں اہم کردارہے ‘مومن آغا

صحافی کالونی کو مل جل کر چلایا جائے گااور بی بلاک کے قبضوں سمیت تمام مسائل جلد حل کئے جائیں گے ‘سیکرٹری انفارمیشن پنجاب

منگل 9 فروری 2016 22:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 فروری۔2016ء ) سیکرٹری انفارمیشن پنجاب مومن آغا نے کہاہے کہ میرے لئے باعث فخرہے کہ میں آج اس ادارے میں آیا ہوں جس کا جمہوریت اور صحافت کی آزادی میں اہم کردارہے جو صرف ایک ادارہ ہی نہیں صحافیوں کے لئے جسم میں دل کی مانند ہے،میں یقین دلاتاہوں کہ آپ کا کوئی کام سرخ فیتے کی نظر نہ ہوگا،صحافی کالونی کو مل جل کر چلایا جائے گااور بی بلاک کے قبضوں سمیت تمام مسائل جلد حل کئے جائیں گے جبکہ ایف بلاک کا پی سی ون تیارہے جسے کلب انتظامیہ کے ساتھ مل کر جلد پایہ تکمیل تک پہنچادیاجائے گا۔

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے پہلے دو رہ کے موقع پر نو منتخب گورننگ باڈی کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا ۔لاہور پریس کلب کے صدر محمد شہبازمیاں،نائب صدر عبدالمجید ساجد، سیکرٹری شاداب ریاض،اراکین گورننگ باڈی عمران شیخ،محسن علی،اظہرمقبول،اسماعیل جکھڑ،سید جوادرضوی،فرقان الہی،شیر افضل بٹ اورسینئرصحافی معین اظہر،سلمان غنی، سیدانورقدوائی،نجم ولی خان،میاں حبیب، پرویز بشیر، خاور نعیم ہاشمی، امتیازراشد،فرخ بصیر،عاصم نصیر،قاضی طارق،راناعظیم،گوہربٹ، عامرسہیل،اشرف مجید،آصف بٹ،اور عرفان چوہدری سمیت ممبران کی کثیرتعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری شاداب ریاض نے معزز مہمان کو پریس کلب اور تمام صحافی کمیونٹی کی جانب سے پریس کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ صدر محمد شہبازمیاں نے اس موقع پر کہاکہ یہ ہمارے لئے خوش آئند بات ہے کہ آج ہمارے درمیان وہ شخصیت موجود ہیں جو صحافیوں کو درپیش مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں،ہم پریس کلب کو ممبران کی فلاح و بہبود کا ادارہ بناناچاہتے ہیں جس کے لئے ہم پنجاب گورنمنٹ کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرکے مسائل کو حل کریں گے۔

انھوں نے مزید کہاکہ صحافی دوست وزیراعلی پنجاب لاہورپریس کلب کی نومنتخب گورننگ باڈی سے آج حلف لیں گے ۔ ان کا کہناتھاکہ بی بلاک میں سینئرممبران گذشتہ دس سالوں سے اپنے پلاٹوں سے محروم ہیں اور یہاں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور جلدہی قبضہ مافیا سے پلاٹس واگزارکرالئے جائیں گے اور جن لوگوں کے پلاٹس پر مکانات تعمیر ہوچکے ہیں ان کو موجودہ صحافی کالونی میں متبادل پلاٹس الاٹ کئے جائیں گے جبکہ ایف بلاک کے ارکان کو پلاٹس الاٹ کردیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :