پنجاب اسمبلی ‘ شیخ علاؤ الدین کی بنگلہ دیش میں پھانسی کی سزا پانے والے ملا عبدالقادر اور قمرالزمان کو نشانِ پاکستان دینے کے مطالبہ پر مبنی قرارداد موخر کر دی

ہم بھارت کے دباؤ میں بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنے والوں جنہوں نے شہادتیں قبول کرلیں یہاں کوئی پذیرائی بھی نہ کرسکیں‘میاں محمود الرشید

منگل 9 فروری 2016 21:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں سپیکر نے حکومتی رکن شیخ علاؤ الدین کی جانب سے بنگلہ دیش میں پاکستان کی حمایت کرنے پر پھانسی کی سزا پانے والے ملا عبدالقادر اور قمرالزمان کو نشانِ پاکستان دینے کے مطالبہ پر مبنی قرارداد موخر کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق شیخ علاؤ الدین نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ملا عبدالقادر اور قمر الزمان جنہیں پاکستان کی محبت کی وجہ سے بنگلہ دیش میں پھانسی دے کر شہید کیا گیا کو نشانِ پاکستان سے نوازا جائے۔

حکومت کی جانب سے قرارداد کی مخالفت نہیں کی گئی تاہم صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خان نے کہا کہ بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت یا پاکستان کی حمایت کے باعث جن رہنماؤں کو پھانسیاں دی گئی ہیں بنگلہ دیش کی حکومت کے ان اقدامات کو دنیا بھر میں کسی نے بھی تسلیم نہیں کیا سب نے اس کی مذمت کی اور اسے ظالمانہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ وفاقی حکومت سے متعلق ہے جبکہ اس حوالے سے وفاقی حکومت کو ایک چٹھی بھی ارسال کی گئی ہے جس کا جواب آنے پر اس حوالے سے معاملہ آگے بڑھایا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے بھی قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھارت سے اس قدر خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہم اس کے دباؤ میں بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنے والوں جنہوں نے شہادتیں قبول کرلیں کہ یہاں کوئی پذیرائی بھی نہ کرسکیں۔ ڈاکٹر وسیم اختر نے بھی کہا کہ یہ ایک بے ضرر قرارداد ہے جسے منظور کرلیا جانا چاہیے نہ کہ ہم وفاقی حکومت کو لکھی گئی چٹھی کا انتظار کرتے رہیں۔ تاہم سپیکر نے قرارداد کو پیڈنگ کردیا۔