گورنر پنجاب سے پاکستان میں ملائشیا کے سفیرکی ملاقات، ملائشیا کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی

پاکستان کی معیشت بحران سے نکل کر ٹیک آف کی پوزیشن میں آ چکی ،بہت جلد پاکستان دنیا میں مواقعوں کی سرزمین کے طور پر پہچانا جائیگا‘ رفیق رجوانہ بہت جلد کوالامپور اور لاہور کے درمیان ملائشین ائیر لا ئن کی براہ راست پروازیں شروع ہو رہی ہیں ‘ڈیٹوہسرول سنی بن مجتبر کی ملاقات میں گفتگو

منگل 9 فروری 2016 21:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بحران سے نکل کر اب ٹیک آف کی پوزیشن میں آ چکی ہے اوربہت جلد پاکستان دنیا میں مواقعوں کی سرزمین کے طور پر پہچانا جائے گا،حکومت نے سرمایہ کاروں کو تر’غیب دینے کے لیے ایسی آزادانہ اور سرمایہ کار دوست پالیسیاں بنائی ہیں جن کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں پاکستان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ تین برس میں ملک میں جتنی سرمایہ کاری ہوئی ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ملائشیا کے سفیرمسٹر ڈیٹوہسرول سنی بن مجتبر سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم ملکوں کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے تاکہ مسلم اُمہ معاشی ترقی کے عمل میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکے۔

انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکی تاجروں کو تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی سکیورٹی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔پاکستان اور چائنہ کے درمیان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے لیے پاک فوج کی ایک بٹالین کی تعیناتی حکومت کے اسی عزم کی غمازی کرتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی ، انفراسٹرکچر اور انجینئرنگ کے شعبے میں ترقی کے دوطرفہ تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور یہ بات خوش آئند ہے کہ ملائشیا ان شعبوں کے ساتھ ساتھ تعلیم اور سوشل سیکٹر میں بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے معاشی وژن کے نتیجے میں صوبے میں کاروباری سرگرمیوں ں میں اضافہ ہوا ہے خصوصا انفراسٹرکچر کے شعبے میں شروع کیے جانے والے منصوبوں کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیاکے درمیان تجارت کا حجم نہ ہونے کے برابر ہے جس میں اضافہ کرنیکی ضرورت ہے اس مقصد کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرنا ہوں گی ۔

انہو ں نے کہا کہ پنجاب کے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے عہدیداروں سے ملائیشین سفیر کی ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور دونوں ملکوں کے تاجروں کو ایک دوسرے کے ملک میں سرمایہ کرنے کے مواقع ملیں گے ۔ ملائشیا کے سفیر نے کہا کہ ان کے ملک کی ترقی میں پاکستانی ماہرین کا کردار قابل تعریف ہے خصوصا ملائشیا نے اقتصادی شعبے میں پاکستانی ماہرین کے تجربات سے استفادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد کوالامپور اور لاہور کے درمیان ملائشین ائیر لا ئن کی براہ راست پروازیں شروع ہو رہی ہیں جس سے دونوں ملکو ں کومسافروں کوسہولت میسر آئے گی ۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو ملائشیا کے قومی دینے کی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔