پنجاب اسمبلی ‘ 30جون 2016 تک پنجاب بھر میں زمینوں کے ریکارڈ کو 100فیصد کمپیوٹرائزڈ کردیاجا ئیگا‘پنجاب حکومت

منگل 9 فروری 2016 21:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ 30جون 2016 تک پنجاب بھر میں زمینوں کے ریکارڈ کو 100فیصد کمپیوٹرائزڈ کردیا جائے گا جس کے بعد پنجاب کے عوام کی پٹوار کلچر سے جان چھوٹ جائے گی۔

(جاری ہے)

یہ یقین دہانی محکمہ جات مال و کالونیزکی پارلیمانی سیکرٹری نازیہ راحیل نے پنجاب اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کروائی۔

جبکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خان نے ایوان کو بتایا کہ پنجاب بھر میں 85فیصد اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوگیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف ایک ماہ تک اس پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح بھی کریں گے جس کے بعد پنجاب بھر کے عوام کی پٹوار کلچر سے جان چھوٹ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 15فیصد اراضی کی کمپیوٹرائزیشن جو رہ گئی ہے اس میں بہت سے ایسے کیس شامل ہیں جو عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔