سرجیکل ٹاور میو ہسپتال کو رواں سال مکمل کرنے کے لئے کام کی رفتار تیز کی جائے ‘خواجہ سلمان رفیق

رواں سال سرجیکل ٹاور کے لئے 20 کروڑروپے محتص کئے گئے ہیں ، فنڈز خرچ ہونے پر مزید فنڈز فوراً فراہم کئے جائیں گے،مشیر صحت پنجاب

منگل 9 فروری 2016 21:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ میو ہسپتال کے سرجیکل ٹاور کو رواں مالی میں مکمل کر کے فنکشنل کرنے کے لئے سول ورکس کی رفتار مزید تیز کی جائے ،حکومت نے سرجیکل ٹاور کے لئے رواں سال 200 ملین روپے مختص کئے ہیں-انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں میو ہسپتال کے سرجیکل ٹاور کے تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی- اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، چیف انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات ، چیف پلاننگ آفیسر محکمہ صحت عبدالحق بھٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ابرار اشرف اور دیگر افسران نے شرکت کی -چیف انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات نے اجلاس کو بتایا کہ سرجیکل ٹاور کا سول ورکس جون 2016 ء تک مکمل کر لیا جائے گا - انہوں نے بتایا کہ بلڈنگ کا انفراسٹرکچر مکمل کر لیا گیا ہے تاہم پردے کی دیواروں کی تعمیر ، فرشوں اور ٹائلوں کی تنصیب اور دیگر کام تیزی سے جاری ہے - سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ نے سوئی گیس ، بجلی کی وائرنگ اور میڈیکل گیسز کی سپلائی کے لئے مربوط ڈیزائننگ پر زور دیا تاکہ تمام کام بروقت اور صحیح طریقہ پر پائیہ تکمیل تک پہنچے اور پائپ فٹنگز اور بجلی کی وائرنگ کے لئے اضافی توڑ پھوڑ سے بچا جا سکے - اجلاس کو بتایا گیا کہ میڈیکل گیسز کی فراہمی ، لانڈری اور سی ایس ڈی کی خریداری کے لئے ٹیکنیکل بڈز موصول ہو گئی ہیں اور طریقہ کار کے مطابق وقت مقرر پر کمیٹی اعتراضات کا جائزہ لے کر فائنل کرے گی - ایم ایس میو ہسپتال نے بتایا کہ سرجیکل ٹاور میں 340 بیڈز اور 16آپریشن تھیٹر قائم کئے جا رہے ہیں جس سے میو ہسپتال میں سرجری کے شعبہ میں مریضوں کو مزید بہتر سہولیات میسر آ سکیں گی - سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ سرجیکل ٹاور پر تعمیراتی کام کی مانیٹرنگ کے لئے کوارڈینیشن کمیٹی کا ہفتہ میں ایک اجلاس ضرور منعقد کیا جائے تاکہ سرجیکل ٹاور کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے-

متعلقہ عنوان :