تعلیمی اداروں کی سکیورٹی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ڈی سی او قصور سلمان غنی‘ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 9 فروری 2016 19:37

تعلیمی اداروں کی سکیورٹی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ڈی سی ..
قصور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09فروری۔2016ء ) نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کیلئے وضع کردہ پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں وضع کردہ سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔متعلقہ حکام وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا باقاعدگی سے خود جائزہ لیں۔

نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر عمل دارامد نہ کرنیوالے افسران گھروں کو نہیں جیل جائیں گے۔ ان خیالات کااظہار ڈی سی او قصور سلمان غنی نے سکولوں و کالجز کی سیکیورٹی کے سلسلہ میں منعقد ہ اجلاس میں کیا اس موقع پرضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی سی او قصور سلمان غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو محفوظ ماحول میں زیور علم سے آراستہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جسے ہر صورت نبھانا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو پرسکون ماحول فراہم کیا جائیگا تمام تحصیلوں اور ضلعی ہیڈ کوارٹر میں موجود تعلیمی اداروں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں ان کمیٹیوں کے اراکین اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی پلان کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں گے۔

اجلاس کے دوران اے اور اے پلس کیٹیگری کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، ای ڈی او ہیلتھ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :