Live Updates

پارٹی کی مضبوطی اور عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہم سب کا مشترکہ ایجنڈا ہونا چاہیے ‘عبدالعلیم خان

انٹرا پارٹی الیکشن جمہوریت کی اصل بنیا د ہے انشا ء اﷲ تحریک انصاف کے کارکن اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینگے

منگل 9 فروری 2016 18:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 فروری۔2016ء ) تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مشاورتی اجلاس میں طے کیا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں کسی تفریق کے بغیر آگے بڑھا جائے اور سب کو ساتھ لے کرچلنے کے عزم کے ساتھ ساتھ پارٹی ممبر شپ میں دل و جان سے شرکت کر کے زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔پی ٹی آئی لاہور کے رہنماؤں نے عبدالعلیم خان کی زیر صدارت سردار کامل عمر کے دفتر میں اجلاس منعقد کیا جس میں جمشید اقبال چیمہ ،میاں حامد معراج ،مہر واجد عظیم ،یامین ٹیپو ،خالد محمود گجر ،چوہدری طالب سندھو ،رانا ضمیر دیال ،کرامت گجر اور عظمت کھوکھر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی اور عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہم سب کا مشترکہ ایجنڈا ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن دیگر سیاسی جماعتوں کیلئے کھلا چیلنج ہیں ،جمہوریت کا چیمپئن بننے والوں کو آج تک پارٹی کے اندر الیکشن کرانے کی ہمت نہیں ہوئی جبکہ عمران خان دوسری مرتبہ پارٹی کو جمہوری بنیادوں پر منظم کرنے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن جمہوریت کی اصل بنیا د ہے اور انشا ء اﷲ تحریک انصاف کے کارکن اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔اس موقع پر سردار کامل عمر کی طرف سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا جبکہ اُن کے علاقے میں یونین کونسل کے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بھی تبادلہ خیا ل ہوا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات