وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملائشین ہائی کمشنر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

پاکستان اور ملائشیا کے درمیان تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں‘ شہبازشریف کی ملاقات میں گفتگو

منگل 9 فروری 2016 18:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان میں ملائشیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹرحسرل ثانی بن مجتبرنے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں معاشی و تجارتی تعلقات خصوصاً لائیوسٹاک، زراعت اور حلال فوڈ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان بہترین برادرانہ اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔دونوں ملکوں کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے خصوصاً لائیوسٹاک، حلال فوڈ، توانائی،معدنیات، انفراسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون میں مزید اضافے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملائشیا نے پچھلے چند سالوں میں نمایاں ترقی کی ہے جو کہ ترقی پذیر ممالک کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ 2013 کے مقابلے میں پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ ملائشیا کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کریں،ہرممکن مراعات اور سہولتیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کیلئے پاکستان اور ملائشیا کے درمیان تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں اور اس ضمن میں پاکستان اور ملائشیا کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کے تسلسل کے ساتھ تبادلے معاشی تعلقات کے فروغ میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ملائشین ہائی کمشنر ڈاکٹرحسرل ثانی بن مجتبرنے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملائشیا کا اہم تجارتی پارٹنر ہے ۔

پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں کیونکہ موجودہ حکومت کے دور میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ملائشیا کے سرمایہ کار بھی پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ملائشین ہائی کمشنر نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے کام کرنے کی غیرمعمولی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی انتھک محنت کو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی سراہا جاتا ہے۔ بلاشبہ آپ جس عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے اور پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بھی آپ نے بہترین اقدامات کئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :