Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب بغیر پیشگی اطلاع کے نواحی گاؤں جیابگا پہنچ گئے، ہیلی کاپٹر اینٹوں کے بھٹے کے قریب کھیتوں میں اتار لیا

شہبازشریف کی طرف سے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کی مکمل کفالت کا اعلان، نواحی گاؤں میں کئی گھنٹے تک 3 مختلف اینٹوں کے بھٹوں کا تفصیلی معائنہ قوم کے مستقبل کو پیشگی معاوضوں کے ذریعے کسی کے ہاتھ گروی رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے،جب تک بھٹوں پر کام کرنے والا آخری بچہ بھی سکول نہیں پہنچ جاتا، میں آرام سے نہیں بیٹھوں گا‘ شہباز شریف

منگل 9 فروری 2016 18:15

لاہور /قصور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچانک لاہور سے 33 کلومیٹر دور نواحی گاؤں جیابگا پہنچ گئے، جہاں انہوں نے اپنا ہیلی کاپٹر اینٹوں کے بھٹے کے قریب کھیتوں میں اتار لیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اس اچانک چھاپے کا مقصد بھٹہ خشت پر بچوں سے لی جانیوالی مزدوری کے خاتمے کے بارے میں حکومت پنجاب کے فیصلے پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔

وزیراعلیٰ نے نواحی گاؤں میں کئی گھنٹے تک 3 مختلف اینٹوں کے بھٹوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں کام کرنے والے مزدوروں سے مفصل سوال جواب کئے۔ بھٹہ مزدوروں نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو مشقت سے نجات دلانے اور سکول جانے والے بچوں کیلئے ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ اور ان کے والدین کو 2 ہزار روپے دینے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایک غریب پرور فیصلہ ہے اور یہ احسن اقدام ہمارے خاندانوں کی قسمت بدل کر رکھ دے گااورہمیں ظالمانہ نظام سے نجات ملے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ایک بھٹے پر 13 سالہ بچے محمد دانش کو مزدوری کرتے دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا اور بھٹہ مالک کی سرزنش کی۔ انہوں نے کہا کہ محمد دانش کو اس بھٹے کی بجائے دانش سکول ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بھٹہ مالکان سختی کا موقع نہیں آنے دیں گے اور وہ ان بچوں کی تعلیم میں ممد و معاون ثابت ہوں گے کیونکہ یہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ہم انہیں پیشگی معاوضوں کے ذریعے کسی کے ہاتھ گروی رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کی مکمل کفالت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بھٹوں پر کام کرنے والا آخری بچہ بھی سکول نہیں پہنچ جاتا، میں آرام سے نہیں بیٹھوں گا۔ بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو تعلیم دلانا ایک قومی مقصد ہے اور پنجاب حکومت نے اس مقصد کیلئے کروڑوں روپے مختص کئے ہیں۔بچوں کی تعلیم کیلئے جتنے بھی مزید وسائل درکار ہوں گے، ہم مہیا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سکول جانے والے ہر بچے کو ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کے ساتھ تمام تعلیمی اخراجات برداشت کئے جائیں گے۔ سکول جانے والے بچے کو مفت یونیفارم، کتابیں اورسٹیشنری دیئے جائیں گے جبکہ دور دراز کے علاقوں کے بچوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی اور سکول جانے والے بچوں کے والدین کو 2 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ظالمانہ نظام کو ختم کرکے دم لیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو دیکھ کر نواحی گاؤں میں رہنے والے لوگوں اور بھٹہ مزدوروں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور ’’شہبازشریف زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات