لاڑکانہ میں بی بی آصفہ ڈینٹل کالج کے طلبہ کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

منگل 9 فروری 2016 17:59

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 فروری۔2016ء) لاڑکانہ میں بی بی آصفہ ڈینٹل کالج کے طلبہ کی جانب سے کالج کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے رجسٹرڈ نہ کروانے کے خلاف 33 ویں روز بھی کالج کے باہر کاشف شر، زین خاصخیلی، غلام حسین گمب، ساجد شاہ، فیصل میمن، فضل اعوان، عبدالسلام ابڑو اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر طلبہ نے بتایا کہ کالج کو پی ایم ڈی سی سے پانچ سال گذرنے کے باوجود رجسٹرڈ نہیں کیا گیا ہے، انتظامیہ کی اتنی تو نااہلی ہے کہ طلبہ تعلیم حاصل کرنے کے بجائے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے بتایا کہ 6 طلبہ کو اینوئل بیک کرکے ان کا مستقبل تباہ کیا گیا ہے، کالیج پہلے سے رجسٹرڈ نہیں تو دوسری جانب طلبہ پریشانی میں مبتلا ہوچکے ہیں اور اینوئل بیک کے باعث طلبہ میں مایوسی کی لہر چھائی ہوئی ہے اور 250 طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے۔

طلبہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو، سیکریٹری تعلیم ڈاکٹر فضل اﷲ پیچوہو سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ کالج کو پی ایم ڈی سی سے رجسٹرڈ کرواکر طلبہ میں چھائی ہوئی پریشانی ختم کی جائے۔