پٹواریوں کے حوالے سے درست جواب نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی مچھلی منڈی بن گئی، گوپٹواری، گو نواز گو کے نعرے

منگل 9 فروری 2016 16:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 فروری۔2016ء) پنجاب اسمبلی کے 9فروری کو ہونے والے اجلاس میں پٹواریوں اور جہلم میں لینڈ کمیشن اراضی کے حوالے سے رکن اسمبلی راحیلہ انور اور ڈاکٹر نوشین حامد کے 12دسمبر 2014ء کے سوالات کا درست جواب نہ ملنے پر ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ اسمبلی میں شیم شیم اور گو نواز گو کے نعرے لگاتے رہے جس پر سپیکرپنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان نے آرڈر آرڈر کے ذریعے ارکان کو چھپ کروایا تو پارلیمانی سیکرٹری محکمہ مال نادیہ عزیز نے دوبارہ بات شروع کی تو راحیلہ انور نے کہا کہ میرے سوال کا جواب درست نہیں ہے جس پر دونوں خواتین ارکان اسمبلی نے براہ راست ایک دوسری کو ”تو تو میں میں“ کے ذریعے ذاتی جنگ بنا دیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے نئے سوال کی طرف اشارہ کیا تو ڈاکٹر نوشین حامد کا سوال تھا جس کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے ان کا سوال ضلع لاہور میں پٹواریوں و گرد اوروں کی تعداد کے بارے میں تھا کہ لاہور کے محکمہ مال میں کتنے پٹواری، گرداور، تحصیل دار اور نائب تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نوشین حامد کے سوال پر جیسے پارلیمانی سیکرٹری برائے مال نادیہ عزیز نے ماٹک سنبھالا تو پہلے سوال والی رکن اسمبلی راحیلہ انور نے کہا کہ جناب سپیکر میں اپنے سوال کے جواب پر مطمئن نہیں پہلے میرے سوال کا جواب دیا جائے جس پر پھر ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی تاہم ڈاکٹر نوشین حامد نے پوچھا جناب سپیکر مجھے یہ بھی بتایا جائے کہ اس وقت لاہور میں کتنے پٹواریوں کے خلاف محکانہ کارروائی چل رہی ہے اور محکمہ کا بجٹ کتنا ہے جس کا نادیہ عزیز کی طرف سے درست جواب نہ ملنے پر اپوزیشن ارکان جس میں پی ٹی آئی، پی پی پی، ق لیگ نے گو پٹواری گو، گو نواز گو کے نعرے لگانا شروع کردیئے اور سپیکر پنجاب اسمبلی رانا حمد اقبال سے مطالبہ کیا کہ پٹوار کلچر کا خاتمہ کیا جائے کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف 2014ء میں پٹوارکلچر کے خاتمہ کا اعلان کرچکے ہیں مگر ایوان میں تو پٹواریوں کی درست تعداد کا جواب بھی نہیں دیا جارہا جس پر سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا کہ پٹوار کلچر کے خاتمہ سے آپ ہی کا نقصان ہوگا اور گو گو کے نعرے لگانے سے بھی آپ ہی کا نقصان ہوگا اس کے بعد وقفہ سوالات کو جاری رکھتے ہوئے سپیکر نئے سوالات کے لیے نشاندہی کی ۔