لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس،سپریم کورٹ بار کے صدر کی شرکت

منگل 9 فروری 2016 16:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس پیر محمد مسعود چشتی صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں بیرسٹرعلی ظفر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، محمد احسن بھون ، اعظم نذیر تارڑ ،حفیظ الرحمن چوہدری ممبران پاکستان بار کونسل، حافظ انصار الحق، افضل فاروقہ ، امتیاز نور ملک ممبر ان پنجاب بار کونسل ، سید اختر حسین شیرازی فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس کی کاروائی کا اجلاس تلاوت کلام اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔ اجلاس میں ایوان کو آج صبح لاہور ہائیکورٹ میں کمرہ عدالت کے دروازہ پر ہونیوالے افسوسناک واقعہ سے آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ایوان کو بتایا گیا کہ ایک ملزم کی درخواست قبل از گرفتاری بصغصیہ واپسی خارج ہونے پر کمرہ عدالت کے دروازہ پر ہی پولیس ملازمین نے ہتھکڑی لگانے کی کوشش کی جسے وکلاء صاحبان کے نوٹس دلانے پر فاضل جج صاحب نے منع کیا تو کمرہ عدالت کے دروازہ پر ہی نا صرف ملزم کو پولیس ملازمین مع مدعی فریق کے 15/20اشخاص نے قابو کر لیا بلکہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر رکن کو بھی نرغہ میں لیکر بری طرح محبوس رکھا بڑی مشکل سے معزز وکلاء اور چند سیکورٹی اہلکاروں کی کوشش سے معزز سینئر رکن کو ان کے چنگل سے نکالا گیا ۔

اس اثناء میں غیر مہذب گفتگو اور گھونسوں اور تھپڑوں کا بھی آزادانہ استعمال ہوا۔ اجلاس سے پیر محمد مسعود چشتی صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن،محمد احسن بھون ممبر پاکستان بار کونسل،بیرسٹر سید علی ظفر صدر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ عدالت عالیہ صوبہ پنجاب کی اعلیٰ ترین عدالت ہے اور احاطہ عدالت میں ہمیشہ اس طرح کے واقعات کی سختی سے مذمت کی گئی ہے۔

عدالتیں شہریوں کے حقوق کی حفاظت کرتی ہیں اور عدالت میں طاقت کا استعمال نہ صرف عدالت کے تقدس اور وقار کے منافی ہے بلکہ ہائیکورٹ کی انتظامیہ اور سیکورٹی کی ناکامی کی منہ بولتی تصویر ہے۔ مقررین نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ احاطہ عدالت میں شہریوں کی گرفتاریوں پر عدالت نے ہمیشہ برہمی کا اظہار کیا ہے اور لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ مذمت کی۔ پیر محمد مسعود چشتی صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مندرجہ ذیل قرارداد یں ہاؤس میں رائے شماری کیلئے پیش کیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔