برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں‘ برطانیہ کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں، وزیراعظم نواز شریف کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں بات چیت

منگل 9 فروری 2016 13:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں‘ برطانیہ کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔ وہ منگل کو برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم سے الوداعی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مضبوط بنانے میں فلپ بارٹن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تجارت‘ سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہا کہ برطانیہ کے پاکستان کے ساتھ اچھے دوستانہ تعلقات ہیں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا دونوں ملکوں کو قریب لانے میں اہم کردار ہے۔ برطانیہ کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی تارکین کا کردار قابل تحسین ہے۔