ابوسیاف کی بیوہ پر امریکی کارکن کی ہلاکت کا الزام

منگل 9 فروری 2016 13:08

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 فروری۔2016ء )امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے سابق سینیئر رہنما کی بیوہ کے خلاف ایک امریکی یرغمالی کی ہلاکت کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ امریکی شہری کیلا میولر کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ حلب میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی تھیں جبکہ گذشتہ سال شام میں ان کی موت ہو گئی۔

دولت اسلامیہ کے سابق سینیئر رہنما ابوسیاف کی بیوہ 25 سالہ نسرین اسد ابراہیم بہار کو امّ سیاف کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور وہ اس وقت عراق میں زیرحراست ہیں۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ ام سیاف نے میولر کو قید میں رکھا تھا اور دولت اسلامیہ کے سربراہ ابو بکر البغدادی کو بار بار ان کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کی اجازت دی تھی۔

(جاری ہے)

ام سیاف کے خاوند، ابو سیاف کو ایک حلف نامے میں دولت اسلامیہ کے تیل اور گیس کا وزیر بتایا ک?ا ہے جو کہ براہ راست بغدادی کو جوابدہ تھے۔

وہ گذشتہ سال مئی میں شام میں ایک عمارت پر امریکی فوج کے خصوصی دستوں کے حملے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔ ان کی بیوہ کو استغاثہ کی کارروائی کے لییعراقی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔امریکی محکمہ انصاف سے جاری کردہ بیان میں کہاگیا ہے کہ وہ اس قانونی کارروائی کی حمایت کرتے ہیں لیکن وہ ’کیلا کے لیے انصاف کے حصول کا کام کرتے رہیں گے۔‘