جرمن پولیس کا داعش کے دوکمانڈر کے ٹھکانوں پر چھاپہ

منگل 9 فروری 2016 12:49

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 فروری۔2016ء) جرمن پولیس نے ملک کے مغربی حصے میں دو افراد کے گھر کی تلاشی لی جن پر شبہ ہے کہ وہ ایک شدت پسند تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے وفاقی پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ یہ چھاپہ مغربی شہر مینز کے قریب مارا گیا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ان دونوں افراد پر شبہ ہے کہ انہوں نے ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کا حصہ بن کر شامی خانہ جنگی میں حصہ لیا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر تفتیش کا حوالہ دیتے ہوئے دیگر تفصیلات دینے سے گریز کیا۔

(جاری ہے)

جرمنی کی مقامی نیوز ویب سائٹ کے مطابق اس نے ان چھاپوں سے قبل ایک 32 سالہ شخص کا سراغ لگایا تھا جس پر شک ہے کہ وہ دولت اسلامیہ عراق وشام 'داعش' کا سابق کمانڈر ہے۔اس شخص پر الزام ہے کہ اس نے مشرقی شام میں دیر الزور کے مقام پر داعش کے ساتھ مل کر لڑائی میں حصہ لیا تھا جب کہ اس کے بعد ترکی کے راستے فرار اختیار کرتے ہوئے جرمنی میں پناہ حاصل کی ہے۔اس سے پہلے جمعرات کے روز بھی جرمن پولیس نے برلن اور مغربی جرمنی میں چار الجزائری باشندوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جن پر شبہ تھا کہ وہ داعش سے تعلق رکھتے ہیں اور برلن میں حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔

متعلقہ عنوان :