بی جے پی کی اترپردیش اسمبلی کے انتخابات کے موقع پر بابری مسجد کے مسئلے کو پھرھوا دینے کی کوشش

منگل 9 فروری 2016 12:19

نئی دہلی ۔ 9 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 فروری۔2016ء) بھارت کی کئی ریاستوں خاص طور پر اترپردیش میں آئندہ سال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بھارتیہ جنتاپارٹی اور اس کی ہمنوا جماعتوں نے بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر تعمیر کرنے کا معاملہ ایک بار پھر اٹھانا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارت کے مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کلراج مشرا نے بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ضرورت ہوئی تو حکومت، پارلیمنٹ سے قانون پاس کراکے رام مندر کی تعمیر کا راستہ صاف کرے گی ۔

البتہ کلراج مشرا نے یہ بھی کہا کہ فی الحال یہ معاملہ عدالت میں ہے اس لئے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہی حکومت اس سلسلے میں کوئی قدم اٹھائے گی ۔کلراج مشرا نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب سخت گیر ہندوتنظیم وشوا ہندو پریشد نے ابھی حال ہی میں مودی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے جلد فیصلہ کرے ۔بھارت میں صحافتی اور سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ آئندہ برس ریاست اترپردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ہی بی جے پی لیڈروں اور مودی حکومت کے وزیروں نے رام مندر کے معاملے پر بیان بازی شروع کر دی ہے

متعلقہ عنوان :