عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے پنجاب حکومت جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے‘ شہباز شریف

ترقیاتی منصوبوں کی اعلیٰ معیار اور شفافیت کے ساتھ تکمیل کو یقینی بنا کر اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے‘وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

پیر 8 فروری 2016 22:53

لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے پنجاب حکومت ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے‘عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ مفاد عامہ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے‘ شہری علاقوں کے ساتھ دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے اربوں روپے کے نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں‘ترقیاتی منصوبوں کی اعلیٰ معیار اور شفافیت کے ساتھ تکمیل کو یقینی بنا کر اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں‘پینے کے صاف پانی، دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ توانائی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود اورانہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بڑے منصوبے صوبے بھر میں تیزرفتاری سے مکمل کیے گئے ہیں اورعوام کی ترقی وخوشحالی کے پروگرام بھی کامیابی سے آگے بڑھائے جارہے ہیں ۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ،اپنا روزگار سکیم،بلاسود قرضوں کی فراہمی، ٹرانسپورٹ کے منصوبے ،نئے ہسپتالوں کا قیام اوردیگرکئی ایک فلاحی منصوبے مکمل کیے گئے جن سے صوبے کے عوام بڑی تعداد میں مستفید ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ متوازن ترقیاتی پالیسی کے تحت شہروں اوردیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جارہی ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :