مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے‘ کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا‘ شہباز شریف

پنجاب میں گیس سے بجلی پیدا کرنے کے 3 منصوبوں میں شفافیت سے قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ‘ جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا، وزیراعلیٰ پنجاب کی پاکستان مسلم لیگ(ن) کے اراکین اسمبلی سے گفتگو

پیر 8 فروری 2016 22:52

لاہور۔8 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے‘ صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے‘ شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبوں کو مکمل کرکے نئے رجحان کو فروغ دیا ہے‘ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے 3 منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں‘ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور کوئی بھی حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا‘ جب تک جان میں جان ہے عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ملاقات کرنیوالے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے اراکین اسمبلی سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گزشتہ 7برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اوروزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ شفافیت، معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ(ن) کی حکومت کاطرئہ امتیازہے۔

انہو ں نے کہا کہ قومی خزانے کی ایک ایک پائی قوم کی امانت سمجھ کر نہایت دیانتداری کے ساتھ عوام کی فلاح پر صرف کی جا رہی ہے اورنئے عزم اورجذبے کے ساتھ آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود، تعلیم ،صحت اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔ محنت،امانت اوردیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے اور ملک کو مسائل کے چنگل سے نکالنے کیلئے ہماری سنجیدہ اورمخلصانہ کاوشیں بارآور ثابت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں اپنا روزگار سکیم کے تحت میرٹ کی بنیاد پر اربوں روپے مالیت کی گاڑیاں آسان شرائط پر تقسیم کرکے انہیں روزگار فراہم کیا گیا ہے اوراربوں روپے کا یہ منصوبہ شفافیت اورمیرٹ کا منہ بولتا شاہکار ہے۔”خادم پنجاب دیہی روڈزپروگرام“ کے تحت دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے اور 2018ء تک صوبہ پنجاب کی تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 2017ء تک ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل بجلی گرڈ میں شامل ہو جائے گی جس سے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں خاطرخواہ مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کراس کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایااور اب پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرکے نا قابل تسخیر بنانے کا اعزاز بھی وزیراعظم محمد نوازشریف کو حاصل ہورہاہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندے عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد ارائیں، سردار محمد عرفان ڈوگر، صاحبزادہ محمد نذیر سلطان، اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری ارشاد احمد ارائیں، سجاد حیدر گجر، خرم اعجاز چٹھہ اور فیضان خان ورک شامل تھے۔ ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔