سپیکراسدقیصرکاباچاخان یونیورسٹی کادورہ،یونیورسٹی کی سکیورٹی کیلئے وسائل دینے کی یقین دہانی

پیر 8 فروری 2016 22:39

چارسدہ۔۔08 فروری( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 فروری۔2016ء ) باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کو جلد از جلد کھولنے، یونیورسٹی کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے اور طلباء ، والدین اور عملے کے خدشات و تحفظات کے ازالے کے لئے سپیکر صوبائی اسمبلی اسدقیصر نے باچاخان یونیورسٹی چارسدہ کا اچانک دورہ کیا رکن صوبائی اسمبلی عارف خان اور پی ٹی آئی کے رہنما فضل محمد خان بھی سپیکر صوبائی اسمبلی کے ہمراہ تھے ۔

اس دورے کے دوران سپیکر اسدقیصر نے یونیورسٹی کے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور سیکورٹی انتظامات سے آگہی حاصل کی اس موقع پر سپیکر اسدقیصر نے سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لئے موقع پر کئی ایک ہدایات دیں ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ یونیورسٹی کی سیکورٹی کے لئے اپنے وسائل سے زیادہ دینگے اور طلباء و طالبات اور عملے کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ ان کے اس اچانک دورے کا بنیادی مقصد سیکورٹی انتظامات کا از خود جائزہ لینے کے علاوہ ان انتظامات کو مزید بہتر او ر موثر بنانا ہے تاکہ طلباء اور والدین کے خدشات وتحفظات کا ازالہ کیا جاسکے سپیکر اسدقیصرنے وی سی فضل رحیم مروت کو موقع پر ہدایت کی کہ وہ یونیورسٹی کو فوری طور پر کھولنے کے لئے فل پروف انتظامات کریں تاکہ طلباء اور طالبات کا مزید وقف ضائع نہ ہو انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت یونیورسٹی کو فوری طور پر کھولنے میں سنجیدہ ہے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور یونیورسٹی انتظامیہ سے اس بارے میں مسلسل رابطہ رکھاجائے گا ۔

(جاری ہے)

سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ اس واقعے میں شہید ہونے والے پروفیسرسید حامد حسین سمیت تمام شہداء کے لئے اعلیٰ سول ایوارڈ اور خصوصی پیکج سے متعلق خیبرپختونخوا اسمبلی کے اگلے اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد منظور کی جائیگی انہوں نے کہاکہ اس سانحہ میں اسسٹنٹ پروفیسر سید حامد حسین شہید اور جن لوگوں نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ، وہ اور صوبائی حکومت ان کی جرات اور استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ اس سانحہ سے متعلق یونیورسٹی میں ایک مانومنٹ تعمیر کی جائے گی اور اس بارے میں ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

سپیکر اسدقیصر نے اس موقع پر سانحہ باچاخان یونیورسٹی کے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدری کا اظہار کی ۔

متعلقہ عنوان :