پیغام اسلام کانفرنس کی تیاریاں مکمل ،ملک بھر سے پانچ ہزار علماء ،مشائخ شریک ہوں گے

پیر 8 فروری 2016 20:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء )پیغام اسلام کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ،کانفرنس میں ملک بھر سے پانچ ہزار علماء ،مشائخ شریک ہوں گے، کانفرنس میں شرکت کیلئے ملک بھر سے قافلے کل بروز ( منگل ) کو اسلام آبادپہنچنا شروع ہوں گے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کانفرنس کے انتظامات کے متعلق ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر مولا نا نعمان حاشر ،مولانا عبد الحمید صابری،مولانا حفیظ الرحمن، مولانا طاہر عقیل ، حافظ محمد شہباز ودیگر بھی موجود تھے۔اجلاس میں کانفرنس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیغام اسلا م کانفرنس میں مفتی اعظم فلسطین مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ سعودی عرب ، بوسینیا ، مصر ، ترکی ، ایران ، قطر اور دیگر اسلامی ممالک سے مسلم مفکرین اور قائدین شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

پیغام اسلام کانفرنس پاکستان علماء کونسل کی طرف سے نظریاتی اور فکری جدوجہد کو تسلسل سے جاری رکھنے کا عملی اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا بنیادی مقصد پاکستان سمیت دنیا بھر میں انتہاء پسند اور دہشت گرد گروہوں کی طرف سے اسلام کے نام پر پھیلائے جانے والے غیر اسلامی نظریات سے نہ صرف عالمی دنیا کو آگاہ کرنا ہے بلکہ اسلام کی حقیقی تصویر کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے ۔