لاہور ہائیکورٹ نے خواتین پر تیزاب پھینکنے والے مجرمان کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی

انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد نے ملزمان کاشف اور ارشد کو جرم ثابت ہونے پر چودہ چودہ سال قید کی سزا سنائی تھی

پیر 8 فروری 2016 20:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے خواتین پر تیزاب پھینکنے والے مجرمان کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ کے رو برو مجرم کاشف اور ارشد کے وکلا ء نے عدالت کو بتایا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے گواہان کے بیانات میں تضادات کے باوجود انہیں سزا سنا دی ہیلہٰذ ا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ چودہ چودہ سال قید کی سزا کالعدم قرار دی جائے۔

سرکاری وکیل خرم خان نے عدالت کو بتایا کہ مجرم کاشف ایک لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا،مگر انکار پر اس نے دیگر تین خواتین پر بھی تیزاب پھینک دیاجبکہ تیزاب کاری سے متاثرہ چاروں خواتین نے مجرمان کی شناخت بھی کی ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد مجرمان کی سزا کے خلاف اپیلیں خارج کر دیں۔ واضح رہے کہ ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد نے دوہزار بارہ میں جرم ثابت ہونے پر چودہ چودہ سال قید کی سزا سنائی تھی۔