حکومت سندھ کا خیبر پختوانخوا کی طرزپرسندھ میں نیا قانون سندھ اسمبلی سے منظور کرانے کا فیصلہ

نیب، ایف آئی اے، رینجرز اور دیگر تحقیقاتی اداروں کو کسی بھی رکن اسمبلی کی گرفتاری سے قبل اسپیکر صوبائی اسمبلی اور وزیر اعلیٰ سے لازمی اجازت لینے کا پابند بنایا جائے گا

پیر 8 فروری 2016 20:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) حکومت سندھ نے خیبر پختوانخوا حکومت کے قانون کی طرز پر سندھ میں نیا قانون سندھ اسمبلی سے منظور کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت نیب، ایف آئی اے، رینجرز اور دیگر تحقیقاتی اداروں کو کسی بھی رکن سندھ اسمبلی کی گرفتاری سے قبل اسپیکر سندھ اسمبلی اور وزیر اعلیٰ سندھ سے لازمی طور پر اجازت لینے کا پابند بنایا جائے گا، اس ضمن میں پیر کے روز قائمقام سیکریٹری قانون محمد اسلم شیخ، مشیرقانون مرتضیٰ وہاب، ایڈوکیٹ جنرل سندھ اور دیگر قانونی مشیروں سے وزیر اعلیٰ سندھ نے طویل صلاح مشورے کیے، ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک بل حکومت سندھ تیار کررہی ہیں جوسندھ اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا جس میں تمام وفاقی اداروں کو پابند بنایا جائیگا کہ وہ کسی رکن سندھ اسمبلی کو گرفتار کرنے سے قبل اسپیکر سندھ اسمبلی اور وزیر اعلیٰ سندھ سے تحریری اجازت لیں، قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ امتیازی قانون ہے کیونکہ وزیر اعلیٰ اور اسپیکر اپنے رکن کی منظوری دیر سے دیں گے تاکہ وہ ضمانت کروالیں اور حزب اختلاف کے رکن کی منظوری فوری طور پر دیں گے تاکہ وہ ضمانت بھی نہ کرواسکے۔