سمبڑیال شہر تفریحی سرگرمیوں کے لحاظ سے گراوٴنڈ و پارک سے محروم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 8 فروری 2016 19:20

سمبڑیال( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔08فروری۔2016ء) لاکھوں نفوس کی آبادی پر مشتمل سمبڑیال شہر کے باسی تفریحی سرگرمیوں کے حوالے سے گراوٴنڈ سمیت پارک سے محروم ،ہر دور اقتدار میں گراوٴنڈ و پارک کے قیام کے حوالے سے سیاسی راہنما بلندو بانگ دعووں ،نعروں اوربیان بازی کے ”لالی پاپ“سے عوام کا دل بہلاتے رہے ،2011ء میں انتظامیہ کی طرف سے واگذار کراوئی گئی تقریباً9کنال،9مرلہ سرکاری اراضی پر چلڈرن پارک کی تعمیر کے وعدے بھی عدم دلچسپی کے باعث وفا نہ ہوسکے ۔

تفصیلات کے مطابق160دیہات اور 17یونین کونسلوں اور تقریباً ڈیڑھ لاکھ شہریوں پر مشتمل ضلع کی کماوٴ تحصیل سمبڑیال جس کو خشک نجی گودی (ڈرائی پورٹ) اور انٹر نیشنل ائیر پورٹ وغیرہ کے حوالے سے جہاں پر بین الاقوامی سطح پر اہم مقام اور شناخت حاصل ہے ستم ظریفی سے شہریوں کو تفریحی سرگرمیوں کی فراہمی کے حوالے سے تاحال گراوٴنڈ اور تفریحی پارک حتی کہ ایک چلڈرن پارک تک سے محروم ہے اور ہردورِ اقتدار میں عوامی حلقوں کے پرزور اصرار اور تعمیر کے مطالبہ کے باوجود نظر انداز کرکے صرف اعلانات کی حد تک ٹرخایا جاتا رہا ہے جبکہ حکومت کے پاس چلڈرن ،لیڈیز پارک کیلئے تقریباً 9کنال 9مرلہ واگذار کرائی گئی اراضی جوکہ محلہ محمد پورہ گورنمنٹ مسلم عوامی ہائی سکول روڈ پر واقع ہے 2011ء میں اس وقت کے اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار علی باگڑی نے مذکورہ اراضی کو چلڈرن پارک کی تعمیر کیلئے مختص کرتے ہوئے باضابطہ طور پر چلڈرن ،لیڈیز پارک کا بورڈ بھی آویزاں کیا جو بعد ازاں ان کے تبادلہ کے بعد غائب کردیا گیا اور مبینہ طور پر منتخب عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث کروڑوں روپے کی سرکاری اراضی ویران پڑی ہے ۔

(جاری ہے)

عوامی ،سماجی حلقوں سمیت رفاعی تنظیموں نے سمبڑیال میں شہریوں کی تفریح کیلئے پارک اور کھیلوں کیلئے گراوٴنڈ کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے ۔