ساکنان شہر قائد کے زیر اہتمام ’’25 واں سلور جوبلی عالمی مشاعرہ مارچ میں کے ایچ اے ہاکی گراؤنڈ میں ہوگا

پیر 8 فروری 2016 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) ساکنان شہر قائد کے زیر اہتمام ’’25 واں سلور جوبلی عالمی مشاعرہ 2016 ‘‘ آئندہ ماہ مارچ میں کے ایچ اے ہاکی گراؤنڈ گلشن اقبال میں منعقد ہوگا اس حوالے سے انجمن سادات امروہہ کے دفتر گلبرگ میں اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس سے صدر محفل سید صفوان اﷲ، کنوینیئر محمود احمد خان، مظہر خان، سلطان مسعود شیخ، مجاہد محمود برکاتی، حسن امام صدیقی، اویس ادیب انصاری، ندیم ہاشمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا، اجلاس میں عالمی مشاعرہ کیلئے میڈیا کمیٹی، رابطہ کمیٹی، فنانس کمیٹی اور اشتہارات کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید صفوان اﷲ نے کہا کہ مشاعرے کا رواج بہت قدیم ہے مشاعروں نے سماجی وتہذیبی زندگی خوشگوار بنانے میں بہت موثر کردار ادا کیا ہے جس کے ذریعے مختلف خیال لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے اس طرح محبتوں اور رفاقتوں کے رشتے قائم ہوتے ہیں، کسی روایت کو پچیس سال قائم رکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے اس سلور جوبلی مشاعرے کی اہمیت کے پیش نظر اسے زیادہ بہتر اور بڑے پیمانے پر منعقد کیا جانا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سلور جوبلی مشاعرے کے موقع پر شائع ہونے والا مجلہ بھی ایک یادگار مجلہ ثابت ہو۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینئر محمود احمد خا ن نے کہا کہ گزشتہ پچیس سال سے جس محنت، توجہ، لگن اور خلوص کے ساتھ اراکین مشاعرہ کمیٹی عالمی مشاعرے کے انعقاد کے لئے کام کرتے ہیں وہ انتہائی قابل تحسین ہے مستقبل کا مورخ جب اس شہر کی تاریخ لکھنے بیٹھے گا تو اس میں یقینا ان لوگوں کے بھی نام شامل ہونگے جو اس شہر کی ادبی و ثقافتی زندگی کو قائم رکھنے میں ہمیشہ نمایاں رہے انہو ں نے کہا کہ بھارتی شعراء سمیت دیگر ممالک کے شعراء سے رابطہ ہوچکا ہے انہو ں نے اراکین سے درخواست کی کہ وہ اس بار منعقد ہونے والے سلور جوبلی مشاعرہ کے انعقاد کیلئے اپنی کوششوں کو تیز کریں تاکہ بر وقت مشاعرہ ممکن ہوسکے، مجاہد محمود برکاتی نے کہا کہ عالمی مشاعرہ اس شہر کی پہچان بن چکا ہے ہم سب مل کر اسے کامیاب بنائیں گے، سلطان محمود شیخ نے کہا کہ اس بار مشاعرہ چونکہ سلور جوبلی سے لہٰذا اسے سلور جوبلی کے شایان شان ہی منعقد کیا جانا چاہئے، مظہر خان نے کہا کہ سلور جوبلی مشاعرے پر آتش بازی کا بھی انتظام کیا جائے گا، حسن امام صدیقی نے کہا کہ عالمی مشاعرہ کا انتظار ناصر ف کراچی، پاکستان بلکہ جہاں جہاں اردو بولی جاتی ہے وہاں بھی کیا جاتا ہے اور کراچی میں ہونے والے عالمی مشاعرہ کی کامیابی کی گونج دور دور تک سنائی دیتی ہے ندیم ہاشمی نے کہا کہ عالمی مشاعرہ کے حوالے سے بقیہ کمیٹیوں کو بھی فوری طور پر تشکیل دے دیا جائے۔

اجلاس میں عالمی مشاعرے کیلئے بنائی گئی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین حسن امام صدیقی اور وائس چیئرمین اطہر اقبال، رابطہ کمیٹی کے چیئرمین مجاہد محمود برکاتی اور وائس چیئرمین اویس ادیب انصاری، فنانس کمیٹی کے چیئرمین شکیل احمد خان اور اشتہار ات کمیٹی کا چیئرمین جمال اؔظہر کو مقرر کیا گیا واضح رہے کہ عالمی مشاعرہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس بروز اتوار مورخہ 14؍ فروری 2016ء النساء کلب گلشن اقبال میں منعقد ہوگا۔

متعلقہ عنوان :