لاڑکانہ،جھکرجو روڈ پر ٹریفک حادثے میں خاتون جاں بحق ،شوہر زخمی

پیر 8 فروری 2016 19:02

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) تعلقہ تھانہ کے حدود جھکر جو دڑو کے قریب مبینہ روڈ حادثے میں یارمحمد مگسی زخمی جبکہ اس کی بیوی سمیراں موقع پر جان بحق ہوگئی جس کے بعد فوت ہونے والے خاتون سمیراں کے گھر والوں کی جانب سے پولیس کو شکایت کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سمیراں پر اس کا شوہر مسلسل تشدد کرتا تھا جس کے متعلق سمیراں کی جانب سے متعدد بار فون کے ذریعے اطلاعات ملتی تھیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سمیراں کے شوہر نے اس کا گلہ دباکر قتل کیا ہے، ہم غریب ہیں ہمارے ساتھ ظلم کیا گیا ہے۔ ایسی شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے یارمحمد مگسی کو گرفتار کرکے ان سے مزید تفیش کا عمل شروع کیا گیا ہے جبکہ مبینہ قتل ہونے والی خاتون کے ورثائے اور گرفتار شخص کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جس پر پولیس نے موقعے پر پہنچ کر دونوں فریقین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر ڈی ایس پی سول لائین یار محمد رند اور ایس ایچ او تعلقہ تھانہ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی تھی کہ روڈ حادثہ ہوا ہے مگر فوت ہونے والی خاتون کے ورثائے کی جانب سے یارمحمد مگسی پر الزام لگایا گیا ہے خاتون کو اس نے قتل کیا ہے جس کے بعد اس کے شوہر کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک ایسے واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا تھا۔

متعلقہ عنوان :