اپوزیشن بگاڑ کا نہیں اصلاح کا نام ہے، اپوزیشن کو حکومت کے عوامی مفاد کے منصوبوں پر بے جا تنقید کی بجائے بہتر تجاویز دینی چاہئے‘رفیق رجوانہ

پاکستان ریلوے صرف تین برس پہلے تک معیشت پر بوجھ تھا،اب ترقی اور بہتری کی طرف گامزن ہے بہت جلد یہ اہم ادارہ جدید سفری سہولتوں کے اعتبار سے پاکستان کی پہچان بنے گا ‘گورنر پنجاب

پیر 8 فروری 2016 18:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ذرائع آمدورفت کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا زینہ ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ حکومت انفراسٹریکچر کی ترقی خصوصاََ ذرائع آمدورفت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہے،پاکستان ریلوے جو صرف تین برس پہلے تک معیشت پر بوجھ تھا،اب ترقی اور بہتری کی طرف گامزن ہے اور بہت جلد یہ اہم ادارہ جدید سفری سہولتوں کے اعتبار سے پاکستان کی پہچان بنے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ریلوے اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنے والے غیر ملکی شرکاء کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔وفد میں سری لنکا ،ترکی،افغانستان ،تنزانیہ،کینیا اور دیگر ملکوں کے ماہرین شامل تھے۔گورنر پنجاب نے کہاکہ دنیا میں معاشی ترقی کے دو ماڈلز ہیں ،سوشل سیکٹر ڈویلپمنٹ اور انفراسٹریکچرڈویلپمنٹ، موجودہ حکومت کا معاشی وزن ان دونوں ماڈلز کا حسین امتزاج ہے جس میں نہ صرف عوام کی معاشی حالت بہتر کرنے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے بلکہ انفراسٹریکچر کی ترقی پر بھی کام ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا حکومت کی انہیں معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے اور چین کی طرف سے 46ارب ڈالر کی سرمایا کاری کے منصوبے سمیت کئی ملک پاکستان کو سرمایا کاری کے لئے ترجیح دے رہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی خصوصی کاوشوں سے لوگوں کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے فنی تربیت کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں جبکہ بے گھر افراد کے لیے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم شروع کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔

انہوں نے کہا بدقسمتی سے بیرونی دنیا میں پاکستان کے متعلق غلط پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے جبکہ یہاں آئے ہوئے غیر ملکی ہمیشہ یہاں سے پاکستان کا بہتر تاثر لے کر جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا عوام نے ہم پر جو اعتمادکا اظہار کیا ہے ہماری کوشش ہے کہ اس پر ہر صورت پورا اترا جائے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن بگاڑ کا نہیں اصلاح کا نام ہے، اپوزیشن کو حکومت کے عوامی مفاد کے منصوبوں پر بے جا تنقید کی بجائے بہتر تجاویز دینی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے اہم اداروں میں بہتری، ترقی اور ان میں کرپشن کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔گورنر نے کہا کہ دہشت گردی نے ہماری معیشت کو کھوکھلا کر دیا تھا تاہم نیشنل ایکشن پلان کے بعد ملک میں اَمن و امان اور معیشت کی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔انہوں نے دوسرے ملکوں سے آئے ہوئے ماہرین کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے امیدظاہر کی ہے کہ وہ پاکستان سے بہتر تاثر لے کر جائیں۔

اس موقع پر گورنر پنجاب کو وفد کے سربراہ نے پاکستان ریلوے اکیڈمی کی تاریخی اہمیت اور ٹریننگ کورس کے بارے میں آگاہ کیا ۔دریں اثنا پاکستان میں ناروے کے سفیر ٹور نیڈریہو نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دوست ملکوں کے ساتھ باہمی تعلقات کو مستحکم کرنا خصوصاََ معاشی تعاون کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا ناروے پاکستان کا بہترین اقتصادی شراکت دار ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شعبے میں تعاون کو فروغ حاصل ہو رہا ہے ۔ناروے کے سفیر نے کہا کہ پاکستان ناروے کا بہترین اور قابل اعتماد دوست ہے اور ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعاون کو نئی وسعت دینا چاہتا ہے۔