نیب کی جانب سے شرجیل انعام میمن اور دیگر رہنماوٴں کو ہراساں کیا جانا قابل تشویش ہے ،سید قائم علی شاہ

پیر 8 فروری 2016 16:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) وزیر اعلی سندھ اور پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ نے نیب کی جانب سے پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اور رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو ہراساں کیے جانے کی سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت پارٹی رہنماؤں کے خلاف سیاسی بنیادوں پر میڈیا ٹرائل کرکے انکی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شرجیل انعام میمن پارٹی کے فعال رکن ہیں اور مرکزی سطح پر پارٹی کی بحیثیت مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اپنی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے اپنی ذاتی وجوہات کی بنیاد پر اپنی وزارت سے استفیٰ دیا تھا اور وہ چھٹی لیکر بیرون ملک گئے ہوئے ہیں اور اس دوران انکا نام ای سی ایل میں شامل کرنا سراسر بدیانتی اور انتقامی کا روائی پر مبنی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نیب کو سندھ حکومت کے افسران اور پارٹی رہنماؤں کے خلاف انتقامی کاروائیوں سے باز رکھے اور شرجیل انعام میمن سمیت اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات اور ریفرنس واپس لئے جائیں ۔ اور شرجیل انعام میمن کا ای سی ایل میں سے نام فوری طور پر خارج کیا جائے۔