تھرپارکر میں غذائی قلت کے شکار عوام کو چار ٹن دیسی مرغی کا گوشت پہنچا دیا گیا

پیر 8 فروری 2016 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) فلاح انسانیت فاؤنڈیشن لاہور کی جانب سے تھرپارکر سندھ میں غذائی قلت کے شکار عوام کے لئے چار ٹن دیسی مرغی کا گوشت پہنچا دیا گیا۔ لاکھوں روپے مالیت کا گوشت تھرپارکر میں مٹھی، ڈیپلو، کالوئی، چھاچھرو،نگر پارکر، اسلام کوٹ اور نوکوٹ کی تحصیلوں کے دور دراز گوٹھوں میں غریب اور مستحقین میں تقسیم کیاگیا۔

اس موقع پر جماعة الدعوة غربی لاہور کے مسئول زاہد محمود کا کہنا تھا کہ صحرائے تھر میں غذائی اشیاء اور طبی سہولتوں کا فقدان ہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن گزشتہ 13 برسوں سے تھرپاکر کے عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ وہاں کا سب سے بڑا مسئلہ پینے کے صاف پانی کی کمیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحرائے تھر کے دور دراز گوٹھوں میں فراہمی آب کے سلسلے میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے ساڑھے آٹھ سو سے زائد ہنڈ پمپ اور کنوؤں کی کھدائی کا کام مکمل کیا چکا ہے اور بہت سے آبی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ متاثرین کو طبی سہولیات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ زاہد محمود نے کہا کہ جماعة الدعوة تھرپارکرمیں متاثرہ مسلمان خاندانوں کے ساتھ ساتھ ہندوؤں کی بھی بلا امتیاز مدد کر رہی ہے۔ ہمارا مطمع نظر رضائے الٰہی کا حصول ہے ۔ لاہور کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں آگے بڑھ کر متاثرین کی ہر ممکن امداد کریں۔

متعلقہ عنوان :