سیاحت کے فروغ پر وزیراعظم نوازشریف کے شکرگزار ہیں، صوبائی وزیر راجہ اشفاق سے مری کے وفدکی گفتگو

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 8 فروری 2016 16:17

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 08 فروری۔2015ء) جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب و صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی طرف سے مری کے عوام کیلئے ترقیاتی منصوبوں کے اجراء سے نہ صرف سیاحتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور اہل علاقہ کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا۔

اہلیان مری کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعظم محمد نوازشریف کے بے حد شکرگزار ہیں۔انہوں نے یہ بات مری سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں اور شہریوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ کوہسار مری کو اپنی دلکشی اور پُرفضا ماحول کی وجہ سے ملک بھر کے سیاحتی مقامات میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

مری میں تفریح کیلئے آنے والے ملکی و غیرملکی سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بستال موڑ سے پنڈی پوائنٹ تک کیبل کار منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ جلد ہی تیار کر لی جائے گی جبکہ مری مال روڈ کی بحالی، پارکنگ سہولیات میں اضافے، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی تکمیل سے سیاحت کو فروغ حاصل ہونے کے علاوہ اہلیان مری کو سہولیات کی فراہمی میں بھی بہتری آئے گی۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ مری میں سینما ہال کو بہتر بناکر اس تفریحی سہولت کو بھی عوام کیلئے جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مری جیسے اہم سیاحتی مرکز کیلئے ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے عوام کو صحت مند ماحول اور تفریحی سہولیات کی بھرپور فراہمی کے ویژن کے عکاس ہیں۔