واپڈا اور پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

پیر 8 فروری 2016 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کے زیراہتمام قومی ادارے واپڈا اور پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شامل واپڈا کارکنوں نے سرخ پرچم بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر واپڈا اور پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کا فیصلہ واپس لینے کے مطالبات درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سڑک بند کردی جس کی وجہ سے لاہور پریس کلب سے چاروں اطراف میں ٹریفک بری طرح بند ہوکر رہ گئی ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد نے قومی اداروں کی نجکاری کے حکومتی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واپڈا اور پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ واپس لیا جائے ان اداروں کے کارکن ان اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائیاں بند کی جائیں وگرنہ احتجاج کا سلسلہ دوسرے اضلاع سمیت پورے ملک پھیلایا جاسکتا ہے۔