باجوڑ ایجنسی کے علاقائی ہیڈکوارٹر خار کے رہائشیوں کا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج ‘انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کااعلان

پیر 8 فروری 2016 15:03

خار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) باجوڑ ایجنسی کے علاقائی ہیڈکوارٹر خار کے رہائشیوں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آئندہ شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا یہ فیصلہ مختلف طبقہ فکر کے افراد کے ایک اجلاس کے دوران کیا گیاجس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں، تاجر رہنماوٴں اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے گذشتہ چند ماہ سے ایجنسی میں بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ پر تحفظات کا اظہار کیاجس نے لوگوں کو احتجاج کے لیے باہر نکلنے پر مجبور کیاانہوں نے کہاکہ علاقے کے متعدد وفد لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے مقامی انتظامیہ اور ٹیسکو سے مختلف مواقعوں پر ملاقات کرچکے ہیں تاہم اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوابلکہ انتظامیہ سے ملنے کے بعد لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافہ ہو گیاانھوں نے دعویٰ کیا کہ رہائشیوں کو 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ برداشت کرنی پڑ رہی ہے ‘ وولٹیج کم ہونے سے انھیں ٹیوب ویل چلانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے فیصلہ کیا کہ جب تک علاقے سے لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوتی، خار کے رہائشی آئندہ دنوں میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کا بائیکاٹ کریں گے اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلوائیں گے۔

متعلقہ عنوان :