برطانیہ سے کوہ نور ہیرے کی واپسی: لاہور ہائیکورٹ میں درخواست سماعت کیلئے منظور

پیر 8 فروری 2016 14:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے ملکہ برطانیہ سے کوہ نور ہیرے کی واپسی کے لئے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض کو ختم کر کے اس کو سماعت کے لئے کسی بنچ کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیرکے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان کے روبرو درخواست اعتراض کے ساتھ پیش کی تو درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ آفس کا ان کی درخواست پر اعتراض بلاجواز ہے اس لیے اس کو ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

جسٹس خالد محمود خان نے درخواست پر اعتراض کو ختم کرتے ہوئے اسے قابل سماعت قرار دے دیا۔ درخواست میں بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے کوہ نور ہیرا کی واپسی کی استدعا کی اور یہ موقف اختیار کیا ہے ایسٹ انڈیا کمپنی نے کوہ نور ہیرااس وقت کے دارالحکومت لاہور میں رنجیت سنگھ کے پوتے مہاراجہ دلیپ سنگھ سے چھین کر برطانیہ بھجوایا گیا اور ایمپریس وکٹوریہ کو تحفے کے طور پر دیا۔ ایک سو پانچ قیراط اوراربوں روپے کی مالیت کا کوہ نور ہیراچھین کر برطانیہ منتقل کیا گیا جس پر ملکہ کا کوئی قانونی حق نہیں۔ ہیرا برطانیہ سے پاکستان واپس لانے کے لیے ہدایات جاری کی جائیں۔